Feb ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۴:۵۹ Asia/Tehran
  • عراق کی تعمیر نو میں ایران کی مشارکت

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کی طرح عراق کی تعمیر نو کے میدان میں بھی اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔

کویت میں عراق کی تعمیر نو کے بارے میں ہونے والی عالمی کانفرنس کے موقع پر، عراقی وزیراعظم حیدر العبادی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے عراق کو ایران کا اہم سیاسی اور اقتصادی شریک قرار دیا۔
انہوں نے عراق میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں میں ایرانی عوام اور تجارتی اداروں کی دلچسپی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں ایران اور عراق کے درمیان اقتصادی اور تجارتی لین دین میں قابل ذکر حد تک اضافہ ہو گا۔
عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے اس موقع پر، داعش کے خلاف جنگ اور اس دہشت گرد گروہ کے زیر قبضہ علاقوں کی آزادی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔
انہون نے عراق کی تعمیر نو اور ترقیاتی منصوبوں میں ایرانی کمپنیوں کی مشارکت اور تعاون کو قابل ذکر اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے ایران کا شکریہ بھی ادا کیا۔
قبل ازیں عراق کی تعمیر نو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا تھا کہ عراق کی تعمیر نو میں عالمی مشارکت انتہا پسندی کے دوبارہ سر اٹھانے کی روک تھام میں موثر واقع ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برداری عراقی عوام کے احسان تلے دبی ہوئی ہے جس نے پوری دنیا کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کیا اور بے پناہ قربانیاں دیں۔
کویت کانفرنس میں شریک ایرانی وفد نے اس کانفرنس کے تمام شرکا پر زور دیا کہ وہ چھوٹے چھوٹے سیاسی مفادات کے حصول اور جیؤ پولٹیک شرائط مسلط کرنے سے گریز کرتے ہوئے عراق کی تعمیر میں نو میں حصہ لیں۔
ایرانی وفد کا کہنا تھا کہ عراق کی تعمیر نو میں عالمی مشارکت سے سب کو فائدہ پہنچے گا اور خطے میں امن و استحکام کے قیام میں موثر مدد ملے گی۔
درایں اثنا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترس نے عراقی کی تعمیر نو کانفرنس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے عوام اورحکومت عالمی اعتماد کی بحالی کی جانب گامزن ہے اور عراقی حکومت مشکلات کو عبور کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
انہوں نے عالمی برداری کی جانب سے عراق کی تعمیر کی حمایت کیے جانے کا بھی شکریہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس میں عالمی برادری کی بھر پور شرکت عراق کی حکومت اور عوام پر اعتماد کی علامت ہے۔
انہوں نے داعش کی شکست میں عراقی عوام کی شجاعت و بہادری اور قربانیوں کی بھی قدر دانی کی۔
انہوں نے کہا کہ عراقی عوام نے ہم سب کا دفاع کیا ہے کیونکہ دہشت گردی ایک عالمی خطرہ ہے اور اب عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ عراق کی تعمیر نو میں اس کا ہاتھ بٹائے۔
قابل ذکر ہے کہ عراق کی تعمیر نو کے بارے میں عالمی کانفرنس بارہ فرروی سے کویت میں شروع ہوئی تھی جس میں دنیا کے پچاس ملکوں اور عالمی اداروں اور تنظیموں کے نمائندہ وفود شریک ہوئے تھے۔