Feb ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۳:۴۴ Asia/Tehran
  • علاقے کے مسائل کو فوجی طریقے سے حل نہیں کیا جاسکتا

بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے کہا ہے کہ سبھی ممالک اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ علاقے کے مسائل کو فوجی طریقے سے نہیں بلکہ صرف سیاسی طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ اس خطے کے عوام کو بیرونی طاقتوں کی مداخلت کے بغیر اپنے ملکوں کے بارے میں خود فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہئے

بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبرولایتی نے، تہرا ن میں اسپین کے وزیر خارجہ الفونسو داستس سے ملاقات میں کہا کہ اس خطے کے مسائل کی کوئی فوجی راہ حل نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ جو لوگ اس خطے کے حالات اور نزاکت سے واقف ہیں انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ، اس علاقے میں اپنی بے جا مداخلت اور موجودگی سے کسی کو نقصان پہنچانے سے پہلے خود اپنے آپ کو نقصان پہنچائیں گے ۔ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ مغربی ایشیا کے بحران نے یورپ سمیت پوری دنیا کو متاثر کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ایران، خطے میں قیام امن کے لئے ، بین الاقومی اصول و ضوابط کے دائرے میں بحرانوں کے حل میں تعاون کے لئے تیار ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ یورپ بالخصوص اسپین نے مشرق وسطی کے بارے میں دوسرے ملکوں سے مختلف اور مثبت پالیسی اختیار کی ہے ۔انھوں نے اسی کےساتھ ایران اور اسپین کے روابط کی تاریخی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسپین نے مسلط کردہ جنگ کے بہت سخت اورحساس دور میں ایران کو اکیلا نہیں چھوڑا اور ایران بھی اپنے پرانے دوستوں کو ہر گز فراموش نہیں کرے گا۔اسپین کے وزیر خارجہ الفونسو داستس نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ وہ دوستی کے جذبے کے ساتھ ایران آئے ہیں اور گفتگو کے ذریعے اس خطے اور دنیا میں قیام امن میں مدد کے لئے تیار ہیں ۔انھوں نے کہا کہ وہ اس علاقے اور دنیا میں قیام امن کے لئے تبادلہ خیال اور تعاون پر مبنی ایران کے نظریئے سے اتفاق کرتے ہیں ۔انھوں نے اسی کے ساتھ ایران اور اسپین کے دوستانہ روابط میں زیادہ سے زیادہ فروغ کی امید ظاہر کی ہے۔