Feb ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۸:۴۰ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد پر صدر مملکت کی تاکید

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تمام فریقوں کی جانب سے جامع ایٹمی معاہدے کی پابندی کی ضرورت پر ایک بار پھر زور دیا ہے

اسپین کے وزیر خارجہ الفونسو داستس نے بدھ کو تہرا ن میں صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی ۔صدر مملکت نے اس ملاقات میں کہا کہ تہران کو ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے جامع ایٹمی معاہدے کے بارے میں دوبارہ مذاکرات کی کوئی معقول وجہ نظر نہیں آتی ۔ انھوں نے کہا کہ سبھی فریقوں کی جانب سے اس معاہدے کی پابندی ضروری ہے ۔ صدرڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ جب تک دوسرے فریق اس معاہدے کے پابند رہیں گے،اس وقت تک ایران بھی معاہدے کی پابندی کرے گا۔صدر مملکت نے ، اس خطے کی سلامتی ، یمن میں بے گناہ عوام کے قتل عام کا سلسلہ بندکروانے، اور دہشت گردی کے خلاف مہم کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ امور میں ایران اور یورپی یونین ایک دوسرے کے ساتھ مثبت تعاون کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سبھی کو یمن کو موجودہ حالات سے نجات دلانے، محاصرہ ختم کرانے اور انسان دوستانہ امداد پہنچانے کے لئے اس ملک کی سرحدیں کھلوانے کے لئے کوشش کرنی چاہئےاسپین کے وزیر خارجہ نے بھی اس ملاقات میں ایران کو علاقے کا طاقتور اور موثر ملک قرار دیا اور کہا کہ یورپی یونین جامع ایٹمی معاہدے کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ روابط کا فروغ اسپین اور یورپی یونین کے لئے اہمیت رکھتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ جامع ایٹمی معاہدے کی بقا اور اس پر عمل درآمد سے ایران کے ساتھ یورپی یونین کے روابط مزید مستحکم ہوں گے ۔انھوں نے یمن کو انسانی بحران سے نجات دلانے کے لئے سبھی موثر ملکوں کی جانب سے کوششوں کو ضروری قرار دیا ۔ انھوں نےکہا کہ سبھی ملکوں کو امن و سلامتی کے لئے کوشش کرنی چاہئے ۔ اسپین کے وزیر خارجہ نے خطے میں قیام امن کے لئے اسلحے کی دوڑ کی روک تھام کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ 

ٹیگس