Mar ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۷:۳۶ Asia/Tehran
  • ایکسٹرنل سروس کی ترجیحات کا اعلان !

ایران کے ریڈیو ٹیلی ویژن کی ایکسٹرنل سروس کے سربراہ نے فرانسیسی زبان میں نیوز چینل کے آغاز، غیر ملکی ناظرین کے لئے ڈراموں اور فلموں کی تیاری، مغربی ذرائع ابلاغ کے منفی پروپیگنڈے کا توڑ کرنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو آئندہ پانچ سال کی ترجیحات میں قرار دیا ہے۔

خبررساں ایجنسی ایسنا سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے ریڈیو ٹیلی ویژن کی ایکسٹرنل سروس کے سربراہ ڈاکٹر پیمان جبلی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دنیا کے ان علاقوں تک رسائی حاصل کی جائے جہاں اب تک ہماری ایکسٹرنل سروس کا پیغام نہیں پہنچا ہے یا بہت کم پہنچا ہے۔

دنیا کے بعض علاقوں میں ایران کے رقیبوں اور دشمنوں کی منفی ابلاغیاتی سرگرمیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی زبان بولنے والے علاقوں پر اب تک بہت کم توجہ دی گئی ہے لہذا ہم نے آئندہ پانچ برس کی ترجیحات میں فرانکفو علاقوں کو سرفہرست میں رکھا ہے۔
آئی آر آئی بی کی ایکسٹرنل سروس کے سربراہ ڈاکٹر پیمان جبلی کا کہنا تھا کہ تکفیری اور دہشت گرد گروہوں میں زیادہ تر ایسے لوگ شامل ہیں کہ جنکا تعلق یورپ میں آباد تارکین وطن سے ہے اور سعودی عرب جیسے دہشت گردی کے حامی ملکوں نے ان تارکین وطن کی برین واشنگ کرکے انہیں دہشت گرد گروہوں میں شامل ہونے کی ترغیب دلائی ہے۔

انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ آئی آر آئی بی کی ایکسٹرنل سروس، حالات کو صحیح طریقے سے منعکس کر کے اسلامی دنیا میں امید کی کرنیں روشن کر سکتی ہے کیونکہ مغرب کے دباؤ کی وجہ سے اسلامی سماج میں بسا اوقات مایوسی کا مشاہدہ بھی کیا جاتا ہے۔
 انھوں نے کہا کہ غلط اور بے بنیاد تجزیوں سے متاثر ہونے والے مخاطبین کو علاقے کے حقیقی اور معروضی حالات سے آگاہ کرنا آئی آر آئی بی کی ایکسٹرنل سروس کی ترجیحات میں شامل ہے اور ہم بہت جلد غیر ملکی ناظرین کے لئے ڈرامے اور فلمیں تیار کرنے کی جانب قدم بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نئے ایرانی سال اور نو روز سے پہلے افغانستان اور تاجکستان کے لیے ایران کے فلمی اور ڈرامہ چینل آئی فلم دو کا باضابطہ آغاز کردیا جائے گا۔

ٹیگس