Mar ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۹:۲۰ Asia/Tehran
  • دفاعی مسائل پر کوئی مذاکرات نہیں، ایران کی تاکید

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دفاعی، اندرونی اور قومی سلامتی کے مسائل پر کسی سے کوئی مذاکرات نہیں کرے گا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پیر کے روز برسلز میں فرانسیسی وزیر خارجہ کے علاقے میں ایران کے مشکوک کردار پر مبنی بیان کے بارے میں اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فرانسیسی وزیر خارجہ کے اس بیان کو مسترد کیا اور کہا کہ فرانسیسی وزیر خارجہ جیان ایو لے دریان نے اپنے حالیہ دورہ تہران میں علاقائی و عالمی مسائل کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مواقف سے آگاہی اصل کی ہے بنابریں برسلز میں ایران کے خلاف ان کا بیان، ناقابل سمجھ، غیر منطقی اور بالکل عجیب ہے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ تہران میں تفصیلی مذاکرات کے بعد فرانسیسی وزیر خارجہ کی جانب سے ایران مخالف بیان بعض یورپی حکمرانوں کے ساتھ مذاکرات کے فائدہ مند ہونے کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کر رہا ہے۔

انھوں نے ایران کی دفاعی پالیسیوں کو شفاف، واضح اور صحیح، اور قومی مفادات پر مبنی نیز دفاعی نوعیت کی قرار دیا اور کہا کہ ایران کے قومی و عوامی مفادات کی بنیاد پر دفاعی پالیسیاں تیار کرنا ایران کا مسلمہ و قانونی حق ہے تاکہ ایک بار پھر ایران کی سرزمین یا ایرانی عوام کو جارحیت کا نشانہ نہ بنایا  سکے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نےعلاقائی اور پڑوسی ملکوں کے بارے میں ایران کی پالیسی کو اصولی، منطقی اور روشن و واضح قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران علاقے کے تمام ملکوں میں امن و استحکام اور اقتصادی ترقی کا خواہاں ہے اور تہران کا خیال ہے کہ سب کی مفاہمت، تعاون اور مشارکت کے بغیر اس امر کا عملی ہونا ناممکن ہے۔