Apr ۱۸, ۲۰۱۸ ۱۱:۵۳ Asia/Tehran
  • غیر ملکی طاقتیں ملکوں پر خودسرانہ جارحیت کرتی ہیں: ایرانی صدر

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا کہ غیر ملکی طاقتیں عالمی قوانین کے برخلاف علاقائی امور میں مداخلت کرتی ہیں اور اقوام متحدہ کے منشور کے برعکس ملکوں پر خودسرانہ جارحیت کرتی ہیں ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ایرانی فوج کے دن کی مناسبت سے ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جارح طاقتوں نے ایران اور مغربی ایشیا کے اطراف کے علاقوں میں غیر قانونی طور پر پڑاو ڈال دیا ہے اور ان علاقوں میں دہشتگرد گروہوں سے بڑی طاقتیں فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

صدر حسن روحانی نے ایرانی سپاہ اور فوج کے کردار کو خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے اہم قراردیتے ہوئے کہا کہ بڑی طاقتوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ایرانی فوج  کو تیار رہنا چاہیے اور خطے میں امن و استحکام پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اوردہشتگردوں کو اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہئیے کہ وہ ایران کی جانب بری نظروں سے دیکھیں۔

صدر حسن روحانی نے ایرانی فوج کو اسلام اور ایران کی طاقت کا بہترین نمونہ قراردیتے ہوئے کہا کہ ایرانی فوج پیشرفتہ ہتھیاروں کے ساتھ اسلامی، انسانی اور اخلاقی اقدار کا بھی مظہر ہے اور ایرانی فوج ایمان کے ہتھیار سے بھی مکمل طور پرمسلح ہے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی فوج کو جن ہتھیاروں کی ضرورت ہوگی انھیں وہ بنائے گی اورملک و قوم کے دفاع کے لئے ایران کو ہتھیار بنانے کے لئے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے بڑی طاقتوں کو متنبہ کیا کہ بڑی طاقتیں علاقے کو بارود کے ڈھیر میں تبدیل نہ کریں اور علاقائی ملکوں کے ساتھ سودے بازی نہ کریں اور ہتھیار بنانے کے کارخانوں میں اضافہ نہ کریں۔

انہوں ںے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ہماری مسلح افواج نے علاقائی امن و سلامتی  کے لئے اہم کردار ادا کیا کہا کہ ایران اپنی پوری طاقت کے ساتھ علاقائی ملکوں کی صلح و آشتی کا جواب مثبت انداز میں دے گا اس لئے کہ ایران بڑا ملک ہے اور اس کی قوم ایک عظیم قوم ہے اور اسے دوسرے ملکوں کی سرزمین کی ضرورت نہیں ہے۔  

واضح رہے کہ ایران کی مرکزی فوجی پریڈ کی تقریب آج بروز بدھ صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی کی موجودگی میں اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی(رح) کے مزار میں منعقد ہوئی.

ایران میں 29 فروردین بمطابق 18 اپریل کے دن کو یوم مسلح افواج کے طور پر منایا جاتا ہے.

 

ٹیگس