Apr ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۱:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران، شام سے متعلق افریقی یونین کے مؤقف کا خیرمقدم

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام کی حالیہ صورتحال سے متعلق افریقی یونین کے رکن ممالک کے مؤقف کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ افریقی یونین نے عالمی حالات کو درک کر لیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم افریقی یونین کے اعلامیہ کا خیرمقدم کرتے ہیں جس میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے اس حوالے سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شام سے متعلق افریقی یونین کی جانب سے آزاد اور خود مختار مؤقف، یقینا اس یونین کے رکن ممالک کی عالمی تبدیلیوں کے حوالے سے آزاد سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ افریقی یونین کے بیان سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ عالمی عمائدین اور رہنماوں کی نظر میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال نہایت قابل مذمت ہے جبکہ شام کے بحران کا حل سیاسی ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ، فرانس اور برطانیہ نے شام کے شہر دوما میں کیمیائی ہتھیکاروں کا بہانہ بنا کر شام پر ایک سو سے زائد میزائل داغے جس کی عالمی سطح پر سخت مذمت کی گئی اور افریقی یونین نے بھی ایک بیان جاری کرکے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے اس حوالے سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔

ٹیگس