Apr ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۵:۳۹ Asia/Tehran
  • امریکہ کے منہ پر پیشگی طمانچہ رسید کر دیا ہے، صدر ایران

صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے کے حوالے سے کسی بھی امریکی فیصلے سے ایران پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ایران نے پیشگی اقدام کے طور پر زرمبادلہ کی نئی پالیسی کا اعلان کرکے امریکہ کے منہ پر طمانچہ رسید کیا ہے۔صدر حسن روحانی نے گزشتہ ہفتے کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ ملک میں زرمبادلہ کے لین دین میں ڈالر کے بجائے یورو سے کام لیا جائے۔

ہفتے کے روز اعلی سرکاری عہدیداروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے لین دین سے ڈالر کو ختم کرکے ، بارہ مئی کو ایٹمی معاہدے سے نکلنے کے بارے میں  ممکنہ امریکی فیصلے کا پیشگی جواب  اور واشنگٹن کے منہ پر طمانچہ رسید کیاگیا ہے- صدر نے کہا کہ امریکہ بارہ مئی کے ممکنہ فیصلے کے ذریعے ایرانی عوام کو دھچکا لگانا اور ایران کی اندرونی مارکیٹ میں بھونچال پیدا کرنا چاہتا تھا لیکن حکومت ایران نے پیشگی اقدامات کے ذریعے قومی مفادات کو محفوظ بنادیا ہے۔

صدر کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدہ باقی رہے یا نہ رہے ، امریکہ ایٹمی معاہدے سے نکلے یا نہ نکلے، ہماری زرمبادلہ کی نئی پالیسی تمام سازشوں پر پانی پھیر دے گی۔

ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے حوالےسے امریکہ کے کسی بھی فیصلے کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری بند و بست کرلیا گیا ہے اور ملکی جوہری توانائی کے ادارے نے بھی ایک ماہ پہلے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے۔صدر ایران کا کہنا تھا کہ امریکہ کے عوام ایسے شخص کے دام میں پھنس گئے ہیں جس کے بارے میں یہ نہیں کہا جاسکتا کہ ایک گھنٹے کے بعد وہ کیا کرنے والا ہے، اور سب کی نگاہیں اپنے صدر کے ٹو‏ئٹ پر رہتی ہیں کہ پتہ نہیں اس نے رات کو کیا خواب دیکھا ہے اور صبح ہوئی تو کیا کرے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ٹرمپ کو تاریخ کا عجوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں آج تک ایسا صدر نہیں گزرا جس سے نہ صرف ساری دنیا پریشان ہے بلکہ اس نے امریکی عوام کو بھی پریشان کر رکھا ہے۔

ٹیگس