Apr ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۰:۳۱ Asia/Tehran
  • انسانی حقوق پر امریکی رپورٹ من گھڑت، سیاسی اور متعصبانہ ہے: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ہفتہ کے روز امریکی وزارت خارجہ کی سالانہ انسانی حقوق کی رپورٹ میں ایران مخالف الزامات کے ردعمل میں کہا کہ امریکہ کی حالیہ رپورٹ من گھڑت، متعصبانہ اور مخصوص سیاسی اہداف کے حصول کیلئے ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔

مھر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ہفتہ کے روز امریکی وزارت خارجہ کی سالانہ انسانی حقوق کی رپورٹ میں ایران مخالف الزامات کے ردعمل میں کہا کہ امریکی رپورٹ ایران کے واقعات کے بر خلاف تحریف شدہ تصاویر کی حامل ہے۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ  امریکی حکومت مستند عالمی رپورٹوں کے مطابق نہ فقط دنیا میں بڑے پیمانے پرانسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک میں شمار ہوتا ہے بلکہ غاصب اسرائیلی حکومت اور اسی طرح علاقے کے بعض ممالک کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کی حمایت کر رہا ہے کہ جس کی وجہ سے علاقے میں کئی حادثات رونما ہوئے۔

امریکی رپورٹ میں ایران پر لگائے جانے والے الزامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے بہرام قاسمی نے کہا کہ امریکہ نے خود اندرون اور بیرون ملک ہمیشہ سے انسانی حقوق کے قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے جبکہ وہ اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ دوسرے ممالک کی انسانی حقوق کی صورتحال پر بات کرے.

واضح رہے کہ امریکہ نے انسانی حقوق سے متعلق اپنی 2017 کی  سالانہ رپورٹ میں ایک بار پھر ایران کے خلاف من گھڑت، بے بنیاد، جھوٹے اور تکراری دعوے کئے۔

ٹیگس