Apr ۲۵, ۲۰۱۸ ۱۹:۳۹ Asia/Tehran
  • امریکا کی پالیسی ہی مغربی ایشیا میں بحران پیدا کرنا ہے، علی شمخانی

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ امریکا کی پالیسی ہی مغربی ایشیا میں بدامنی اور بحران پیدا کرنا ہے۔

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے روس کے شہر سوچی میں پانچ براعظموں کے سیکورٹی عہدیداروں کے نویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے، کہ جس کے پاس سب سے زیادہ  اسلحہ و گولہ بارود موجود ہے، مشرق وسطی کو اپنے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے گودام میں تبدیل کر دیا ہے-

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ علاقے منجملہ شام، یمن، لیبیا، افغانستان اور جزیرہ نمائے کوریا کے بحرانوں کا حل صرف سیاسی طریقے سے ہی نکالا جا سکتا ہے، کہا کہ بعض حکمرانوں کے ذہنوں میں یہ غلط تصور کہ جنگ کے ذریعے بحرانوں کو ختم کیا جاسکتا ہے، سیاسی حل کی راہ میں رکاوٹ بنا ہوا ہے-

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا کہ جنگ کے لئے اتحاد و الائنس بنائے جانے کے بجائے صلح و دوستی اور برادری نیز بھائی چارے کا اتحاد قائم ہونا چاہئے اور قومی سرمایہ، ہتھیاروں کی دوڑ میں خرچ ہونے کے بجائے عوام کی غربت کا خاتمہ اور انہیں رفاہ و آسائش فراہم کرنے کے لئے خرچ ہونا چاہئے-

علی شمخانی نے براعظم ایشیا خاص طور پر مغربی ایشیا کے خطے کے لئے سیاسی، سیکورٹی اور فوجی تعاون کو ضروری قرار دیا تاکہ اغیار کی مداخلت کے بغیر اختلافات کو ختم اور جنگ کے شعلوں کو بجھایا جاسکے-

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے مسئلہ فلسطین کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ امریکا کے ذریعے بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے نہ صرف فلسطین کا معاملہ حل نہیں ہو گا بلکہ اس سے فلسطین میں جنگ کی آگ اور زیادہ بھڑکے گی-

واضح رہے کہ روس کے شہر سوچی میں پانچ براعظم کے ملکوں کے سیکورٹی  عہدیداروں کی شرکت سے  نواں سیکورٹی اجلاس  شروع ہو گیا ہے۔

ٹیگس