May ۰۲, ۲۰۱۸ ۱۹:۳۵ Asia/Tehran
  • ایرانی میڈیا کی ٹیم کے ساتھ فرانسیسی پولیس کے تشدد آمیز رویّے کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ فرانسیسی پولیس کو میڈیا کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کی ضمانت فراہم کرنی چاہئے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پیرس میں ایران کے ریڈیو و ٹیلی ویژن کے ادارے کی ٹیم کے ساتھ فرانسیسی پولیس کے تشدد آمیز رویّے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانسیسی پولیس کو اپنے ملک میں میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کی ضمانت دینی ہو گی-

پیرس میں ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے نمائندہ دفتر کے رپورٹر شہسوار حسینی اور کیمرہ مین رامین توحیدیان پر منگل کو پیرس میں محنت کشوں کے مظاہرے کے دوران فرانسیسی پولیس نے ربر کی گولیوں اور آنسوگیس کے گولوں سے حملہ کر دیا جس میں دونوں ہی بری طرح زخمی ہو گئے-

ایرانی ٹیلی ویژن چینل کا کیمرہ مین رامین توحیدیان سرمیں ربرکی گولی لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا اور اب وہ کوما میں ہے- ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم اس طرح کے واقعات کو ناقابل قبول سمجھتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ فرانس کے متعلقہ حکام واقعے کے ذمہ داروں سے سنجیدگی سے نمٹیں گے اور ایرانی میڈیا کی ٹیم کے ارکان کے علاج و معالجے کے تعلق سے ایرانی سفارتخانے کے ساتھ پورا تعاون کریں گے-

اس درمیان پیرس میں اسلامی جمہوریہ ایران کا سفارتخانہ واقعے کے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کئے جانے کی پیروی کر رہا ہے-

فرانسیسی پولیس  کسی کو بھی اسپتال میں زیرعلاج  ایرانی کیمرہ مین کے پاس جانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے-

 

ٹیگس