May ۱۸, ۲۰۱۸ ۱۱:۴۲ Asia/Tehran
  • فلسطین کی آزادی الہی سنت ہے امریکہ کچھ نہیں کرسکتا، رہبر انقلاب اسلامی

رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فلسطین کی آزادی کو یقینی اور سنت الہی قراردیا اور فرمایا کہ امریکا اور اس کے دم چھلّے اس آزادی کو روک نہیں سکتے۔

بہار قرآن ماہ مبارک رمضان کے پہلے دن رہبرانقلاب اسلامی کی موجودگی میں حسینیہ امام خمینی  کلام الہی کے نور سے منور تھا اور ملک کے ممتاز قاریوں اور حافظوں نے محفل قرآن کو چار چاند لگایا۔

اس معنوی اور نورانی محفل میں شریک قاریوں، حافظوں اور روزہ داروں کو خطاب کرتے ہوئے رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج امت اسلامیہ کی سب سے بڑی ضرورت قرآن سے تمسک اور قرآنی احکامات کی پیروی اوراس پرعمل کرنا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ زندگی کے تمام شعبوں میں قرآن کریم کی تعلیمات پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ عالم اسلام کی موجودہ مشکلات منجملہ فلسطین کی افسوسناک صورتحال اور خاص طور پر حالیہ دنوں میں صیہونی حکومت کے جرائم اور مظالم میں شدت کی وجہ یہ ہے کہ امت مسلمہ قرآن کریم سے دور ہوگئی ہے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ بیت المقدس فلسطین کا ہی دارالحکومت ہے اور اللہ کی مدد  و نصرت سے فلسطین دشمنوں کے چنگل سے آزاد ہوگا اور امریکا اور اس کے دم چھلّے اس حقیقت اور سنت الہی کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں کرسکیں گے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ پچھلے چند روز کے دوران غاصب اور خبیث صیہونی حکومت نے دسیوں فلسطینیوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کیا اور اس کے وحشیانہ مظالم کا سب  نے مشاہدہ کیا۔ ان حالات میں بعض یہ شکوہ کرتے ہیں کہ امریکا نے کوئی نوٹس کیوں نہیں لیا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ امریکا اور بہت سے مغربی ممالک ان جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ صیہونی حکومت کے ان مظالم کے مقابلے میں امت اسلامیہ اور اسلامی حکومتوں کو اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ قرآن ہمیں حکم دیتا ہے کہ دشمنان دین اور کافروں کے مقابلے میں سختی کے ساتھ ڈٹ جاؤ اور آپس میں مہر و محبت سے پیش آؤ لیکن آج قرآن سے دوری کی وجہ سے ہم عالم اسلام میں جنگ و خونریزی، مسلمانوں کے درمیان اختلاف اور کفار کی غلامی کا مشاہدہ کررہے ہیں۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اگر امت اسلامیہ قرآن سے تمسک اختیار کرلے اور اس کے قریب آجائے تو قرآن نے فرمایا ہے کہ بلاشبہہ ہم دشمن پر غالب آئیں گے کیونکہ یہی وعدہ الہی ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کے آخر میں شہدائے فلسطین کی مغفرت اور راہ حق کے مجاہدین کے لئے زیادہ سے زیادہ استقامت اور ہمت و حوصلے کی دعا کی آپ نے فرمایا کہ امریکا اور اس  کے کاسہ لیس  ممالک خداوندعالم کی ناقابل تغییر سنت کے مقابلے میں شکست اور گھٹنے ٹیک دینے پر مجبور ہوں گے۔

ٹیگس