May ۱۸, ۲۰۱۸ ۱۲:۰۱ Asia/Tehran
  • صیہونی اور امریکی عالم اسلام کی توجہ فلسطین سے ہٹانے کے درپے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرنے کہا ہے کہ صیہونی اور امریکی عالم اسلام کی توجہ فلسطین سے ہٹانے اور ہرروز عالم اسلام کے لئے نئی مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران  کے  صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعہ کے روز اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لئے ترکی روانگی سے قبل صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم  کے سربراہی اجلاس کو فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت، صیہونی جرائم اور امریکی سفارتخانے کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف آوازاٹھانے کے لئے اچھا موقع قراردیا۔

ڈاکٹر روحانی نے امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کی شدید مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قوانین اور ضوابط کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج عالم اسلام میں ماضی کی نسنبت امریکہ کے خلاف سب سے زیادہ نفرت پائی جاتی ہے۔

ایران کے صدر نے  کہا کہ فلسطینی قوم کی حمایت اور بیت المقدس کا دفاع اسلامی اقدار کے دفاع کے مترادف ہے۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوغان کی دعوت پر او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لئے ترکی کے شہر استنبول روانہ ہوگئے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف او آئی سی تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے استنبول میں موجود ہیں۔

ٹیگس