Jul ۰۷, ۲۰۱۸ ۱۵:۳۵ Asia/Tehran
  • ویانا ایٹمی اجلاس کا بیان

ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن نے ویانا میں اپنے ایک بیان میں ایران کے ساتھ مالی و اقتصادی تعاون کو موثر طریقوں سے جاری اور اس کا تحفظ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن نے ویانا میں جمعے کے روز اپنے اجلاس کے اختتام پر ایک بیان میں ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ اور ان تعلقات کا تحفظ کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔

بیان میں ایران کے ساتھ مالی و اقتصادی تعاون کو موثر طریقوں سے جاری رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایران کے تیل و گیس، پیٹروکیمیکل اور تیل کی مصنوعات، نقل و حمل، منجملہ جہازرانی و انشورنس، ٹرانسپورٹ اور برآمداتی کریڈٹ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون و مفاہمت جاری رکھے جانے پر تاکید کی۔

ایران کے ساتھ تجارتی فریق خاص طور سے چھوٹی و درمیانی سطح کی کمپنیوں کے تعاون، ایران میں سرمایہ کاری کی ترغیب اور سرمایہ کاروں کی حمایت ایسے نکات ہیں کہ جن پر اس بیان میں خاص طور سے تاکید کی گئی ہے۔ اس بیان کے مطابق ایٹمی معاہدے کے فریق ممالک یورپی یونین کے ملکوں سے متعلق کمپنیوں کی حمایت کی غرض سے ایران میں یورپ کے سرمایہ کاری کے بینک سے قرضوں سمیت مختلف شعبوں میں بھرپور تعاون اور اس سلسلے میں کوششیں جاری رکھیں گے۔

ویانا اجلاس کے اس بیان میں ایٹمی معاہدے کے فریق ملکوں نے ایک بار پھر اس بین الاقوامی معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد کرنے پر تاکید کی۔

ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کے بعد اس بین الاقوامی معاہدے کے دیگر فریق ملکوں کی شمولیت  سے وزرائے خارجہ کی سطح پر تشکیل پانے والا مشترکہ کمیشن کا پہلا اجلاس جمعے کے روز ویانا میں منعقد ہوا جس میں خارجہ امور میں یورپی یونین کی سربراہ اور روس، چین، جرمنی، فرانس کے وزرائے خارجہ اور برطانیہ کے نائب وزیر خارجہ نے شرکت کی۔

 

ٹیگس