Jul ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۱:۲۹ Asia/Tehran
  • شیخ عیسی قاسم کی جسمانی حالت کی خرابی کا ذمہ دار حکومت بحرین

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے عالمی امور کے نمائندے نے کہا ہےکہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی جسمانی حالت کی خرابی کا ذمہ دار حکومت بحرین ہے۔

مھر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے عالمی امور کے نمائندے حسین امیرعبداللهیان نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی جسمانی حالت تشویشناک حدتک بگڑ جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آل خلیفہ حکومت کی سرکوبی کی پالیسی اور موقع پر علاج معالجے کی سہولت نہ دیئے جانے کی وجہ سے شیخ عیسی قاسم کی جسمانی حالت تشویشناک حد تک خراب ہو گئی اور اس کے نتائج کی ذمہ داری آل خلیفہ پر عائد ہوتی ہے۔

آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی جسمانی حالت تشویشناک حدتک بگڑ جانے اور ان کی نظربندی کے خلاف ملک میں روز افزوں وسیع احتجاجی مظاہروں کے بعد شاہ بحرین نے مجبورا آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو علاج کے لئے ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی۔  آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو الدراز سے ایمبولینس کے ذریعے بحرین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لے جایا گیا تھا۔

بحرینی عوام نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات بھی ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے اور آل خلیفہ حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے اپنے مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔

بحرین کی ظالم شاہی حکومت نے جون دوہزار سولہ میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرکے انہیں ان کے گھر میں نظر بند کردیا تھا اور ان پر جھوٹے مقدمات بھی عائد کردئے تھے۔

واضح رہے کہ بحرینی عوام فروری دو ہزار گیارہ سے بحرین کی ڈکٹیٹر شاہی حکومت کے خلاف احتجاج اور اپنے ملک میں جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ آل خلیفہ حکومت، بحرینی عوام کے خلاف مسلسل طاقت کا استعمال کر رہی ہے۔

ٹیگس