Jul ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۵:۳۹ Asia/Tehran
  • عشرہ کرامت کا آغاز، امام رضا علیہ السلام کی فضا میں پھولوں کی برسات

کریمہ اہل بیت حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت اور عشرہ کرامت کے آغاز پر مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم کی فضا میں پھول برسائے گئے اور خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا۔

یکم ذی القعدہ کریمہ اہل بیت حضرت فاطمہ معصومہ قم سلام  اللہ علیھا کا یوم ولادت باسعادت ہے - اس مناسبت سے پورا اسلامی جمہوریہ ایرن سراپا جشن ہے۔ یکم ذی القعدہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت اورگیارہ ذی القعدہ حضرت امام رضا علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے ایام کو عشرہ کرامت کے طور پرمنایا جاتا ہے۔

اس مناسبت سے مشہد مقدس اور قم میں جہاں خصوصی پروگراموں کا اہتمام کیا جاتا ہے وہیں پورے ملک میں محفلوں اور سیمیناروں کا بھی انعقاد ہوتا ہے۔ اتوار کو عشرہ کرامت کے پہلے دن مشہد مقدس میں اہل بیت اطہار کی شیدائی خواتین کی بہت بڑی تعداد نے ہاتھوں میں پھولوں کا گلدستہ لے کر امام رضا علیہ السلام کے حرم میں حاضری دی اور انہیں ان کی  ہمشیرہ گرامی کےیوم ولادت کی مبارکباد پیش کی۔

قم میں بھی جہاں کریمہ اہل بیت حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کا حرم مطہر واقع ہے شب ولادت اور اتوار کو روز ولادت خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ حرم میں اس موقع پر نقارخانے کی جانب سے بھی خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔  بی بی معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے دسیوں ہزار کی تعداد میں عاشقان اہل بیت عصمت و طہارت ایران کے گوشہ و کنار اور اسی طرح دنیا  کے مختلف ملکوں سے وہاں اس پرمسرت موقع پر معنوی جشن منارہے ہیں۔

حضرت فاطمہ معصومہ (س) یکم ذیقعدہ  ایک سو تہتّر ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائیں۔ آپ کی آفاقی شخصیت، بے پناہ فضائل و کمالات کا مظہر تھی۔ بی بی معصومہ سلام اللہ علیھا علم و فضل اور عبادت و اخلاقی کمالات میں اعلی ترین منزل پر فائز تھیں۔ آپ اپنے پدر بزرگوار امام موسی کاظم اور بھائی امام رضا علیہما السلام کے سایہ عاطفت میں پروان چڑھیں اور آئمہ اطہار کے الہی علوم سے سیراب ہوئیں۔

آپ کے علمی کمالات کو دیکھ کر خود آپ  کے پدر بزرگوار امام موسی کاظم علیہ السلام نے اپنی بیٹی کے لئے عظمت بیان کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ ابوھا فداھا بیٹی کا باپ بیٹی پر فدا ہو۔

ٹیگس