Aug ۰۹, ۲۰۱۸ ۲۱:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران کی طاقت خطے کی سلامتی کی ضمانت، ترجمان مسلح افواج

ایران کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ تہران نےخلیج فارس میں اپنی مقتدر موجودگی کو ہمیشہ دنیا کے اس حساس خطے کے ملکوں کی سلامتی کی خاطر استعمال کیا ہے۔

جمعرات کو مقدس شہر قم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا کہ ایران خطے کے ملکوں کے لیے خطرہ نہیں بلکہ استبدادی اور سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں دنیا بھر کے کمزوروں اور مظلوموں کا تحفظ کر رہا ہے اور علاقے کی سلامتی کا ضامن ہے -

بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کی طاقت اپنی بالادستی کے قیام یا جارحیت کے لیے نہیں بلکہ خطے کے ملکوں کی سلامتی کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران مخالف سامراجی طاقتیں اپنے ابلاغیاتی ذرائع سے حقائق کو الٹا دکھانے کی کوشش کررہی ہیں اور ایران پر خطے کے ملکوں میں مداخلت کا الزام لگاتی ہیں حالانکہ دنیا بھر کی حریت پسند قومیں سامراجی طاقتوں کے مداخلت پسندانہ اقدامات کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے ایران کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات کی امریکی پیشکش پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی اس پیشکش کا مقصد ایرانی عوام اور اسلامی حکومت کے درمیان اختلافات پیدا کرنا ہے۔انہوں نے ملکی ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ موجودہ حساس حالات میں اپنی ذمہ داریوں کے مطابق عمل کریں اور عالمی مذاکرات کے حوالے سے امریکہ کا خراب ریکارڈ اور ناقابل اعتماد کردار بیان کرکے، دشمن کی سازشوں کو ناکام بنادیں۔

ٹیگس