Aug ۱۱, ۲۰۱۸ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • ترکی پر امریکی پابندی کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے ترکی کے خلاف امریکا کی خودسرانہ پابندیوں کی مذمت کی ہے ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے ترکی کے خلاف امریکا کی خودسرانہ پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کا ٹرمپ کا اقدام شرمناک ہے ۔انھوں نے اپنے ٹوئٹر پیج پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ زور زبردستی اور پابندیوں کا اعلان کرنے کی عادت چھوڑدیں ورنہ پوری دنیا واشنگٹن کے خلاف متحد ہوجائے گی ۔وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ایران کی جانب سے ترکی کی حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ہمیشہ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ رہے ہیں اوراب بھی ان کے ساتھ رہیں گے ۔یاد رہے کہ امریکی وزا رت خزانہ نے حال ہی میں ترکی کے وزیر قانون عبدالحمید گل اور وزیر داخلہ سلیمان سویلو پر پابندی کا اعلان کردیا ہے ۔ امریکی حکومت نے یہ کہہ کے ترکی کے ان دونوں وزیروں کے اثاثے منجمد کرنے اور ان پر پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے کہ انہوں نے امریکی پادری اینڈریو برونسن کی گرفتاری میں بنیادی کردار ادا کیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ حکومت ترکی نے امریکی پادری اینڈریو برونسن کو اکتوبر دو ہزار سولہ میں مخالف فراری رہنما فتح اللہ گولن کے ساتھ رابطے اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔دوسری طرف ترکی کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے ترکی کی اسٹیل اور المونیئم کی درآمدات پر ڈیوٹی لگانے کا مناسب جواب دیا جائے گا۔روئٹرز کے مطابق ترک وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ ترکی بھی امریکی مصنوعات پر اسی تناسب سے ڈیوٹی لگائے گا جتنی امریکا نے ترکی کے اسٹیل اور المونئیم پر لگائی ہے ۔ترک وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسٹیل اور المونئیم کی در آمد پر ڈیوٹی لگانا تجارت کی عالمی تنظیم کے قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔یاد رہے کہ مریکی صدر ٹرمپ نے جمعے کو ترکی سے اسٹیل اور المونئیم کی درآمد پر ڈیوٹی بڑھاکے دوگنی کردی ہے ۔

ٹیگس