Aug ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۹:۰۵ Asia/Tehran
  • قوموں کے ارادے کو دھونس و دھمکی سے تبدیل نہیں کیا جاسکتا

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ قوموں کے عزم و ارادے کو دھونس و دھمکی اور طاقت کے استعمال سے تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ترکی کے خلاف امریکا کی پابندیوں کے رد عمل میں کہا کہ ایران ہمیشہ اور ہر مرحلے میں ترکی کے عوام اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکی کے تعلقات ہمیشہ دوستانہ رہے ہیں اور آج بھی ماضی کی طرح بہت اچھے انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک موجودہ صورتحال میں بھی ایک دوسرے کے اچھے شریک بن سکتے ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ تعقل اور عقلانیت کا ایک بار پھر دنیا میں دور دورہ ہوگا۔ واضح رہے کہ امریکی وزا رت خزانہ نے حال ہی میں ترکی کے وزیر قانون عبدالحمید گل اور وزیر داخلہ سلیمان سویلو پر پابندی کا اعلان کردیا ہے۔

امریکی حکومت نے یہ کہہ کے ترکی کے ان دونوں وزیروں کے اثاثے منجمد کرنے اور ان پر پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے کہ انہوں نے امریکی پادری اینڈریو برونسن کی گرفتاری میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ حکومت ترکی نے امریکی پادری اینڈریو برونسن کو اکتوبر دو ہزار سولہ میں مخالف فراری رہنما فتح اللہ گولن کے ساتھ رابطے اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

ٹیگس