Aug ۱۲, ۲۰۱۸ ۲۱:۴۱ Asia/Tehran
  • قزاقستان میں ایران اور روس کے صدور کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور روس کے صدر ولادیمیرپوتن نے کسپیئن سی کے ساحلی ملکوں کے پانچویں سربراہی اجلاس کے موقع پر اہم دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بات چیت کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے روسی صدر ولادیمیرپوتن سے ملاقات میں مختلف میدانوں میں تہران اور ماسکو کے تعلقات اور تعاون کو پہلے سے بھی زیادہ فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسپیئین سی کو امن و دوستی کے سمندر اور ساحلی ملکوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ دوستی اور تعاون کی تقویت و استحکام کے عامل میں تبدیل ہونا چاہئے۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ مختلف علاقائی اور  بین الاقوامی مسائل میں ایران اور روس کے دوطرفہ اور چند جانبہ تعاون منجملہ علاقائی سیکورٹی اور شام میں دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ میں دونوں ملکوں کے آپسی تعاون نے علاقے میں مثبت اثرات مرتب کئے ہیں اور دہشت گردی کی بیخ کنی تک یہ تعاون جاری رہنا چاہئے۔

روسی  صدر ولادیمیرپوتن نے بھی کہا کہ ماسکو باہمی دلچسپی کے تمام میدانوں اور دونوں ملکوں کے عوام کے مشترکہ مفادات کے تناظر میں تہران کے ساتھ  تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہتا ہے۔

روسی صدر نے ایٹمی معاہدے کو ایک اہم اور  بین الاقوامی معاہدہ بتایا اور امریکا کے نکلنے کے بعد معاہدے کے دیگر فریق ملکوں کے ذریعے اس کی حفاظت کی بھرپور کوشش کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی اور عالمی مسائل کے حل کے بارے میں دونوں ملکوں کے حکام کے صلاح ومشورے اور تہران و ماسکو کا تعاون جاری رہنا چاہئے۔

ٹیگس