Aug ۱۷, ۲۰۱۸ ۱۰:۱۲ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان کے روابط علاقے میں امن و امان کے لئے مفید

ایران کی مجلس شوریٰ اسلامی (پارلیمنٹ) کے اسپیکر نے پاکستان کی قومی اسمبلی کے نئے اسپیکر کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں علاقائی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان عالم اسلام اور خطے کے دو اہم ممالک ہیں لہذا علاقائی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی مشاورت اور بات چیت کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔

 ایران کی مجلس شوریٰ اسلامی (پارلیمنٹ) کے اسپیکرعلی لاریجانی نے اسد قیصرکے ساتھ ایک ٹیلی فونک رابطے میں انہیں پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ایران اور پاکستان  کے مابین  زراعت اور معاشی شعبوں میں ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہو گا۔

 ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے برادر اسلامی ممالک ایران اور پاکستان کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کی پیشرفت بالخصوص پارلیمانی تعاون میں فروغ پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر نئے پاکستانی اسپیکراسد قیصرنے ایرانی ہم منصب کے رابطے کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ ثقافتی، تاریخی اور مذہبی مشترکات ہیں جس کی بدولت دوطرفہ تعلقات بالخصوص پارلیمانی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

اسد قیصر نے اسلامی ممالک کے درمیان اجتماعی تعاون کوبہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان، عالم اسلام کی وحدت اور علاقائی امن و استحکام کو مضبوط بنانے سے متعلق تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔

ٹیگس