Aug ۱۸, ۲۰۱۸ ۲۱:۱۸ Asia/Tehran
  • امام محمد باقرعلیہ السلام کی شب شہادت، ایران اسلامی سوگوار و عزادار

فرزند رسول حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران سراپا سوگوار و عزادار ہے جبکہ ایران سمیت دنیا کے گوشہ وکنار میں اس موقع پر مجالس عزا اور نوحہ وماتم کا سلسلہ جاری ہے

فرزند رسول حضرت امام محمد باقرعلیہ السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد اور امام بارگاہوں اور مقدس مقامات میں مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں علماء و ذاکرین خطاب کر رہے ہیں -

حضرت باقرالعلوم کی شب شہادت پر مجالس غم کے مرکزی اجتماعات مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور قم  میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم میں  منعقد ہوئے ہیں جہاں سوگواروں اور عزاداروں کی بڑی تعداد اس امام ھمام کی مظلومانہ شہادت پر اشک غم بہا کر ان عظیم ہستیوں کو پرسہ دے رہی ہے-

عراق پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ امام محمد باقر علیہ السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے مجالس و نوحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے -

حضرت امام محمد باقرعلیہ السلام نے اپنے والد بزرگوار حضرت امام علی ابن الحسین زین العابدین علیہ السلام کی شہادت کے بعد انیس سال دس مہینے تک مسلمانوں کی امامت و رہبری کا فریضہ انجام دیا -

آپ نے پوری عمر اسلام کی تبلیغ و ترویج میں گذاری اورعظیم شاگردوں کی تربیت کی ۔ رسول اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) نے آپ کی پیدائش سے قبل ہی اپنے ایک خاص صحابی جناب جابر ابن عبداللہ انصاری کو آپ کی ولادت باسعادت کی نوید دیتے ہوئے آپ کو باقر کا لقب دیا تھا۔ 

ٹیگس