Sep ۰۴, ۲۰۱۸ ۱۴:۵۹ Asia/Tehran
  • پیٹروکیمیکل کے تین اہم پروجیکٹوں کا افتتاح

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پیٹروکیمیکل کی صنعت میں تین اہم منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے عسلویہ میں مرجان پیٹروکیمیکل میتھانول پروجیکٹ، پردیس پیٹروکیمیل کے تیسرے فیز اور دماوند پیٹروکیمیکل بجلی گھر کے پہلے فیز کا افتتاح کیا-

اس سے پہلے صدر مملکت ڈاکٹر روحانی ان تینوں پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کی غرض سے منگل کی صبح جنوبی ایران کے علاقے عسلویہ پہنچے- رپورٹ کے مطابق مرجان پیٹروکیمیکل کا میتھانول پروجیکٹ سالانہ سولہ لاکھ پچاس ہزار ٹن میتھانول پیدا کرنے کی توانائی رکھتا ہے جس کا آج صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے افتتاح کیا-

اس وقت ایران میں پیٹروکیمیکل اور پلیمر کی مصنوعات کی پیداوار سالانہ باسٹھ ملین ڈیڑ لاکھ ٹن ہے اور ان نئے پروجیکٹوں کے افتتاح سے یہ پیداواری سطح پینسٹھ ملین پانچ لاکھ پچاس ہزار سے بھی زیادہ بڑھ جائے گی-

  صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے عسلویہ میں ہی واقع پردیس پیٹروکیمیکل کمپلیکس میں ایمونیا اور یوریا کے تیسرے فیز کا افتتاح کیا۔ یہ فیز سالانہ سترہ لاکھ پچپن ہزار ٹن پیداوار کی توانائی رکھتا ہے-  پردیس پیٹرو کیمکل کمپلیکس کے تیسرے فیز کا افتتاح ہو جانے کے بعد اب یہ کمپلیکس سالانہ باون لاکھ پینسٹھ ہزار ٹن یوریا اور ایمونیا پیدا کرنے کی توانائی حاصل کر لے گا اور یوں مشرق وسطی اور دنیا میں اس میدان میں سب سے بڑے کمپلیکس میں تبدیل ہو جائے گا-

عسلویہ میں ہی دماوند پیٹروکیمیکل بجلی گھر کے پہلے فیز کا افتتاح بھی صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے ہاتھوں ہوا - یہ بجلی گھر پارس نامی خصوصی اقتصادی زون میں موجود پیٹروکیمیکل کے چوبیس کمپلیکسوں کو بجلی اور توانائی فراہم کرے گا-

دماوند پیٹروکیمیکل بجلی گھر کے پہلے فیز کے افتتاح سے اب چھے سو پچاس میگاواٹ بجلی پیدا ہو سکے گی۔ اس پروجیکٹ میں بارہ ٹربائین اور اسٹیم بنانے والے یونٹ  کام کر رہے ہیں-

ٹیگس