Sep ۰۴, ۲۰۱۸ ۱۸:۴۰ Asia/Tehran
  • دشمن ایرانی عوام پر مسلط ہو جائیں یہ محال ہے، صدر مملکت ڈاکٹر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ دشمن ایرانی عوام کی ترقی و پیشرفت کے راستے کو نہیں روک سکتے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو ایران کے جنوبی علاقے عسلویہ میں پیٹروکیمیکل کے تین پروجیکٹوں کی افتتاحی تقریب میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ تیل کی صنعت کے ماہرین اور کارکنوں نے آج ایران کی عزت و سربلندی اور پیداوار و روزگار کے مواقع کی فراہمی کے راستے میں ایک اہم قدم اٹھایا ہے-

انہوں نے کہا کہ ایک دن میں پیٹروکیمیکل کے تین اہم پروجیکٹوں کا افتتاح یہ ثابت کرتا ہے کہ ہم مشکلات پر غلبہ پالیں گے اور دشمن، ایرانی عوام کی ترقی و پیشرفت کے راستے کو نہیں روک سکیں گے-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ دشمن صرف اسی وقت کامیاب ہوں گے جب امید اور کوشش کا دامن ہاتھ سے چھوٹ جائے گا-

ان کا کہنا تھا کہ دشمن، ایرانی عوام پر مشکلات مسلط کر رہے ہیں لیکن یہ غیر ممکن ہے کہ وہ ایران اور ایرانیوں پر مسلط ہو جائیں- ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اگر دشمن یہ سمجھتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو انقلاب سے قبل کے دور کی جانب پلٹا دیں گے تو ان کا یہ خواب کبھی بھی پورا نہیں ہو سکے گا-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے پیٹروکیمیکل کے تین عظیم منصوبوں کے افتتاح کو نوجوانوں کے لئے روزگار کی فراہمی، خود کفالت، استقامتی اقتصاد اور غیر ملکی زرمبادلہ کے حصول کی جانب ایک اہم قدم اور سب کے لئے باعث فخر قرار دیا-

 ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ اسلامی انقلاب اور آٹھ سالہ دفاع مقدس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے میں ناکام رہے تھے آج انہوں نے ہی ایران کی ترقی و پیشرفت کے دور میں ایران کی عظیم قوم کے خلاف نئی نئی سازشیں شروع کر دی ہیں-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو عسلویہ میں مرجان پیٹروکیمیکل میتھانول پروجیکٹ، پردیس پیٹروکیمیل کے تیسرے فیز اور دماوند پیٹروکیمیکل بجلی گھر کے پہلے فیز کا افتتاح کیا۔

ٹیگس