Sep ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۴:۲۶ Asia/Tehran
  • سانحہ اہواز میں داعش اور الاحوازیہ کے دہشت گردوں کا گٹھ جوڑ

ایران کے جنوب مغربی شہر اہواز میں ہفتے کے روز مسلح افواج کی پریڈ کے دوران عام شہریوں پر دہشت گردانہ حملے کے نئے پہلو سامنے آئے ہیں۔

دہشت گرد گروہ داعش نے، جسے سعودی عرب اور امریکہ کی حمایت حاصل ہے، اتوار کی شام جاری کیے جانے والے ایک ویڈیو کلپ میں کہا ہے کہ اس کے بھی تین عناصراہواز کے دہشت گردانہ حملے میں ملوث رہے ہیں۔
 اس سے پہلے دہشت گرد گروہ الاحوازیہ نے مسلح افواج کی پریڈ کے دوران عام شہریوں پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
 داعش کی جانب سے جاری کیے جانے والے ویڈیو سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ اہواز کا دہشت گردانہ حملہ داعش اور الاحوازیہ گروہ کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ تھا کیونکہ دونوں ہی گروہوں نے سعودی عرب کی پشت پناہی حاصل کی ہے۔
 ایران کی کابینہ نے بھی اتوار کے روز ایک بیان میں اہواز کے دہشت گردانہ واقعے کی مذمت کی اور اس میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم ظاہر کیا۔
 کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اس دہشت گردانہ حملے میں ملوث عناصر اور گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔ بیان میں دنیا کے تمام ملکوں  اور خاص طور سے ہمسایہ ملکوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھی اہواز کے دہشت گردانہ حملے میں ملوث عناصر اور ان کی حمایت کرنے والوں کے خلاف ٹھوس اور موثر کارروائی کریں۔
 ہفتے کے روز ایران کے شہر اہواز میں مسلح افواج کی پریڈ کے دوران دہشت گردوں کے ایک گروپ نے پریڈ دیکھنے والے عام شہریوں پر فائرنگ کر دی تھی جس میں پچیس افراد شہید اور ساٹھ دیگر زخمی ہوگئے تھے۔
ایران کی کابنیہ نے اس واقعے پر پیر کے روز ملک میں عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔
 ایرانی کابینہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اہواز کے دہشت گردانہ حملے سے اس بات کی بخوبی نشاندہی ہوتی ہے کہ دشمن ایران اور ایرانی عوام کو نابود کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
کابینہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق دشمنوں نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا ہے کہ ان کے بے رحمانہ اقدامات سے ایرانی عوام میں خوف و ہراس پیدا نہیں ہوتا بلکہ یہ قوم دہشت گردوں اور ان کے آقاؤں کے خلاف پہلے سے زیادہ متحد ہوجاتی  ہے۔
 ایران کی حکومت نے دنیا کے تمام ملکوں خاص طور سے ہمسایہ ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اہواز کے سانحے میں ملوث دہشت گرد عناصر اور ان کی حمایت کرنے والوں کے خلاف سخت اور موثر کاروائی کریں کیونکہ خطے کے ملکوں کی سلامتی اس علاقے میں آباد تمام قوموں کا مشترکہ سرمایہ ہے۔

ٹیگس