Oct ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۷:۴۸ Asia/Tehran
  • تہران میں انٹرنیشنل ملٹری میڈیسن کمیٹی کا اجلاس

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ اور ایران کے وزیرصحت نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ ایران جنگ کے میدان سے متعلق طبی تجربات انسان دوستانہ بنیاد پر عالمی تنظیموں اور دیگر ملکوں کو پیش کرنے کے لئے تیار ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ تکفیری دہشت گرد گروہوں کے شرمناک جرائم کے مقابلے میں انسانی حقوق کے دعویداروں کی خاموشی پوری دنیا میں عام شہریوں کی سلامتی کے لئے خطرہ بن گئی ہے-

مسلح افواج کے سربراہ میجرل جنرل باقری نے تہران میں  منعقدہ ایشیا پیسیفک کی انٹرنیشنل کمیٹی آف ملٹری میڈیسن( آئی سی ایم ایم) کے چوتھے اجلاس میں خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب غاصب صیہونی حکومت گذشتہ چھے مہینے سے فلسطینیوں کے واپسی مارچ پر حملے کر رہی ہے اور اب تک دو سو سے زائد نہتے فلسطینیوں کو شہید اور اکیس ہزار سے زائد کو زخمی کر چکی ہے-

انہوں نے کہا کہ دوسری جانب علاقے کے  بعض ممالک بھی یمن پر جارحیت کا ارتکاب کر کے اس ملک کے مظلوم عوام کا خون بہا رہے ہیں-

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل باقری نے آئی سی ایم ایم کے اجلاس کے مقاصد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کمیٹی کی تشکیل ایک بہترین موقع ہے کہ ملٹری میڈیسن کے میدان میں سرگرم ماہرین اور طبی شخصیات ایک جگہ اکٹھا ہوں تاکہ وہ ہر طرح کی بندشوں سے اوپر اٹھ کر جنگ میں زخمی ہونے والے فوجیوں اور لوگوں کے دکھ درد کو کم کرنے کے لئے اپنے تجربات اور میڈیکل و میڈیسن کی توانائیوں کو ایک دوسرے کے سامنے پیش کریں-

جنرل باقری نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج آئی سی ایم ایم کے انسان دوستانہ اہداف کی تکمیل اور ملٹری میڈیسن کے میدان میں دفاعی ڈیپلومیسی کی ترقی نیز کیمیائی ہتھیاروں سے زخمی ہونے والوں کے علاج و معالجے کے میدان میں اپنے غیر معمولی تجربات کو شیئر کرنے میں ذرہ برابر بھی دریغ نہیں کریں گی-

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرصحت نے بھی تہران میں منعقدہ آئی سی ایم ایم کے چوتھے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کے دوران میڈیکل، میڈیسن اور علاج و معالجے نیز طب کے شعبے میں بے پناہ تجربات حاصل کئے ہیں اور وہ اپنے یہ تجربات دیگر ملکوں کو بھی منتقل کرنے کے لئے تیار ہے-

وزیرصحت سید حسن قاضی زادہ ہاشمی نے کہا کہ ایران کے عوام جنھوں نے مسلط کردہ جنگ کے دوران بے شمار مصائب و مشکلات اور رنج و آلام کا سامنا کیا ہے، امن و صلح کو ہی تمام میدانوں میں ایک خوشحال زندگی کے لئے بہترین سرمایہ سمجھتے ہیں-

ان کا کہنا تھا کہ ملٹری میڈیسن کے موضوع پر میڈیکل سوسائٹی کی توجہ قابل تحسین ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ایک دن وہ آئے گا جب اقوام متحدہ روئے زمین پر بسنے والے سبھی انسانوں کی بہتر زندگی کا راستہ متعین کرنے کا پلیٹ فارم بنے گا-

ایران کے وزیرصحت نے تہران میں ایشیا پیسیفک کی آئی سی ایم ایم کے چوتھے اجلاس کے انعقاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے ایک سو سترہ رکن ملکوں کی شرکت سے اس اجلاس کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ میڈیکل سوسائٹی جنگ میں زخمی ہونے والوں پر خاص توجہ دینے پر تیار ہے-

آئی سی ایم ایم کا چوتھا اجلاس ہفتے کو تہران کے آئی آر آئی بی کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہوا جس میں دنیا کے پینتالیس ملکوں کی فوج کے کمانڈروں اور ملیٹری میڈیسن سے تعلق رکھنے والی ٹیموں نے شرکت کی- آئی سی ایم ایم کا اجلاس ہر دو سال میں ایک بار منعقد ہوتا ہے اور اس بار اس کی صدارت ایران کے پاس ہے-  

 

ٹیگس