Oct ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران پر الزامات میں شدت امریکہ کی ناکامی کا ثبوت ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت اور عوام کے ہاتھوں پے در پے شکستوں کی وجہ سے امریکی حکام کی جانب سے تہران کے خلاف بے بنیاد الزام تراشیوں اور فرسودہ خیالی دعووں میں شدت پیدا ہوئی ہے۔

 امریکی صدر کے نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر نے ایک بار پھر بے بنیاد اور مضحکہ خیز دعووں کا اعادہ کرتے ہوئے ایران پر دہشت گردی کی حمایت اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے امریکی عہدیدار کے الزامات کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی عہدیداروں اور خاص طور سے اس ملک کے صدر کی جانب سے بے بنیاد الزامات اور خیالی دعووں میں جو شدت پیدا ہوئی ہے وہ ایسی  پے در پے ناکامیوں کا نتیجہ ہے جو حالیہ میہنوں کے دوران مختلف میدانوں میں ایران اور سربلند ایرانیوں کے عزم راسخ، استقامت اور تدبیر و دانشمندی کے مقابلے میں امریکہ کو برداشت کرنا پڑی ہیں۔
 بہرام قاسمی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران ساری دنیا نے امریکہ کی تنہائی اور اس کی یک طرفہ پالیسیوں کا مخالفت کا مشاہدہ کیا ہے۔
 ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بات زور دے  کر کہی کہ ٹرمپ اور بولٹن کے بیان اور دہشت گردی کے  خلاف جنگ کے نام پر جاری کی جانے والی امریکی اسٹریٹیجی میں جنگ پسند لابی اور خطے کے بعض ملکوں کے عزائم کا بخوبی مشاہدہ کیا جاسکتا ہے جن کا نام ہی تاریخ میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مترادف ہے اور یہ ممالک خطے میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کی نظریاتی، مالی اور فوجی سرپرستی کا سرچشمہ ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ امریکی حکام گمراہ کن بیانات کے ذریعے خطے میں اپنے گھناونے اور مجرمانہ کردار، جارحانہ روش اور عدم استحکام پھیلانے والے اقدامات سے رائے عامہ کی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔