Oct ۱۸, ۲۰۱۸ ۱۱:۳۴ Asia/Tehran
  • زائرین حسینی کے قافلے ایران پہنچنا شروع ہوگئے

سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم میں شرکت کے لیے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کا دوسراقافلہ زمینی راستے سے کل ایران کے شہر زاہدان پہنچ گیا ۔

چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لیے پاکستان بھر سے زائرین تفتان کے راستے ایران پہنچنے کا سلسلہ بالآخر مسائل و مشکلات کے باوجود شروع ہو گیا اور کل اسی سلسلے میں ہزاروں پاکستانی زائرین جن میں مرد و خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، تفتان کے راستے ایران کے سرحدی شہر زاہدان پہنچا جہاں ایران کے غیور شیعہ اور سنی عمائدین اور عوام نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے اور زاہدان کے امام جمعہ آیت الله عباس علی سلیمانی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران 6500 پاکستانی زائرین زاہدان پہنچے۔ رپورٹ کے مطابق سات سے آٹھ ہزار زائرین کو آئندہ دو روز کے اندر امیگریشن ضابطے اور قانونی مراحل طے کرنے کے بعد پاکستان سے ایران میں داخل ہونے کی اجازت دے دی جائے گی۔

ایران کے سرحدی صوبے سیستان و بلوچستان کی عوامی کمیٹی کے سربراہ رضا بختیاری کے مطابق ایران پہنچنے والے زائرین امام حسین علیہ السلام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کی غرض سے متعدد ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل  اسٹاف رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔

گزشتہ سال 50 ہزار کے قریب زائرین ایران کے راستے عراق گئے تھے جبکہ اس سال 70 ہزار سے زائد پاکستانی زائرین زمینی راستے سے چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لیے عراق جائیں گے۔

پاکستان میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے کہا ہے کہ ایران کے سفارتی مراکز سے چہلم امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لیے جانے والے پاکستانیوں کو تیزی کے ساتھ ویزے جاری کر رہے ہیں۔

نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب با وفا کا چہلم بیس صفر کو منایا جاتا ہے جس میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے ہر سال کروڑوں زائرین کربلائے معلی پہنچتے ہیں اور اربعین حسینی کے پیدل مارچ میں شرکت کرکے نواسہ رسول کا غم مناتے ہیں۔

ٹیگس