Nov ۰۲, ۲۰۱۸ ۱۸:۰۳ Asia/Tehran
  • امریکا کی غنڈہ گردی کا دور ختم ہوچکا ہے، تہران کے خطیب جمعہ

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ امریکا کی غنڈہ گردی کا دور ختم ہوچکا ہے۔

تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ محمد علی موحدی کرمانی نے اس ہفتے نماز جمعہ کے خطبے میں کہا کہ امریکی حکام منجملہ امریکی صدر کو یہ جان لینا چاہئے کہ غنڈہ گردی کا زمانہ  اب ختم ہوچکا ہے اور امریکا اب روز بروز دنیا میں الگ تھلگ پڑتا جارہا ہے اور اس کے تئیں عالمی رائے عامہ کی نفرتیں بڑھتی جارہی ہیں۔

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ آج علاقے کی چند ایک حکومتوں کو چھوڑ کر کوئی بھی ملک امریکی پالیسیوں کی حمایت نہیں کرتا - ان کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک بھی جو امریکا کے سب سے اہم اتحادی شمار ہوتے تھے اس وقت نہ صرف یہ  کہ امریکی پالیسیوں کی پیروی نہیں کررہے ہیں بلکہ مختلف تدابیر اپنا کرامریکی اقدامات کا جواب دے رہے ہیں۔

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ امریکی اسرائیلی اور سعودی حکومت کے سربراہوں کا انجام نابودی ہے - انہوں نے کہا کہ جمال خاشقجی کے قتل میں سعودی حکام کے وحشیانہ جرائم کا راز فاش ہونے سے آل سعود حکومت کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے  آگیا ہے۔ آیت اللہ موحدی کرمانی نے یمن پر سعودی عرب کی مسلسل جارحیتوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ دسیوں لاکھ یمنی شہریوں کا محاصرہ اور بے گناہ یمنی عوام کا قتل عام امریکی حمایت سے انجام پارہا ہے۔

تہران کے خطیب جمعہ نے نائیجیریا میں عزاداران سید الشہدا پر فوج کے حملوں کا ذکرکرتے ہوئے جن میں متعدد عزادار شہید اور زخمی ہوگئے کہا کہ دونوں فریقوں کو چاہئے کہ وہ بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالیں۔ انہوں نےکروڑوں عاشقان حسینی کی شرکت سے اربعین حسینی کے ملین مارچ  کو انتہائی اہم پیغام کا حامل بتایا اور کہا کہ ظلم و ستم سے مقابلہ اربعین حسینی کے ملین مارچ میں شریک کروڑوں عاشقان حسینی کا دنیا والوں کے لئے اہم پیغام تھا۔

ٹیگس