Nov ۰۸, ۲۰۱۸ ۰۹:۱۲ Asia/Tehran
  •  حضرت علی ابن موسی الرضا (ع) کے سوگ میں ایران عزادار

ایران میں آج فرزند رسول حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

فرزند رسول حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کے یوم شہادت پر ایران بھر میں آج عام تعطیل ہے اور ملک کے سب ہی شہروں اور قریوں میں مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں اور جلوسہائے عزا کا سلسلہ جاری ہے ۔

جنوب مشرقی ایران کے شہر مشہد مقدس میں، جہاں حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کا روضہ انور واقع ہے، چالیس لاکھ سے زائد عزادار بارگاہ رضوی میں اشک غم بہا رہے ہیں اور عزاداری کر رہے ہیں ۔

مشہد الرضا پہنچنے والے زائرین میں پاکستان، ہندوستان، عراق، شام اور دیگر ممالک سے آنے والے زا‏ئرین کی بھی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ ایران کے دور دراز اور قرب و جوار کے شہروں سے بھی تین لاکھ سے زائد زائرین پیدل سفر کرکے بارگاہ رضوی تک پہنچے تھے۔ بارگاہ رضوی کی جانب آنے والے تمام راستے عزاداروں سے مملو ہے اور سیاہ پوش عزادار ماتمی دستوں کی شکل میں بڑے منظم انداز میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے حرم مطہر کے مختلف صحن میں داخل ہو رہے ۔

مشہد مقدس سے ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ حرم رضوی کی تمام راہداریاں اور ہال اس وقت عزاداروں سے کھچا کھچ بھرا ہوئے ہیں اور لوگ نوحہ ماتم اور دعا و مناجات الہی میں مشغول ہیں۔

قم المقدسہ میں امام رضا علیہ السلام کی خواہر گرامی اور شیراز میں آپ کے بھائی کے روضوں پر بھی عزاداروں کا جم غفیر ہے اور آپ کو آپ کے برادر بزرگوار حضرت امام رضا علیہ السلام کی شہادت کا پرسہ دے رہے ہیں۔

قم المقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضے میں اس وقت بھی ہزاروں کی تعداد میں عزادار موجود ہیں اور ہر طرف سے نوحہ و ماتم کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔

تہران اور اس کے جڑواں شہر رے میں بھی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے اور جلوس ہائے عزا برآمد کیے جا رہے ہیں جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے مختلف امام بارگاہوں اور ان شہروں میں واقع اہلبیت اطہار علیھم السلام کی برگزیدہ ہستیوں کے روضوں پر پہنچ کر ختم ہوں گے۔

قابل ذکر ہے کہ ایران میں اٹھائیس صفر کو حضرت رسول خدا کا یوم رحلت اور آپ کے سبط اکبر حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کا یوم شہادت جبکہ صفر کی آخری تاریخ کو آفتاب امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کا یوم شہادت منایا جاتا ہے۔

* سحرعالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پراپنےتمام سامعین، ناظرین اورکرم فرماوں کی خدمت میں دلی تعزیت وتسلیت پیش کرتا ہے*

ٹیگس