Nov ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۹:۱۲ Asia/Tehran
  • یورپ نے وعدوں پر عمل نہ کیا تو خطہ عدم استحکام سے دوچار ہوجائے گا

ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ کمال خرازی نے کہا ہے کہ اگر یورپ نے ایٹمی معاہدے کی پابندی نہ کی تو علاقہ عدم استحکام سے دوچار ہوجائے گا۔

ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ کمال خرازی نے پیرس میں فرانس کے سابق وزیراعظم ڈویلپاں سے ملاقات میں علاقے کے مسائل خاص طور پر ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے اور اس معاہدے کو باقی رکھنے کے یورپی ملکوں کے وعدوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یورپ کو چاہئے کہ وہ جلد سے جلد اپنے وعدوں پر عمل کرے۔
فرانس کے سابق وزیراعظم ڈویلپاں نے بھی اس ملاقات میں امریکا کی پالیسیوں کے بارے میں کہا کہ امریکا یک قطبی نظام کے قیام اور ان عالمی اداروں کو ختم کرنےکی کوشش کررہا ہے جو دوسری عالمی جنگ کے بعد قائم ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مشرق اور مغرب میں فاصلہ پیدا کرنا امریکا کا ایک اہم مقصد ہے - فرانس کے سابق وزیراعظم نے کہا کہ یمن میں جنگ کے خاتمے کے لئے بہترین موقع ہاتھ آیا ہے اور اب یمن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ذریعے عام شہریوں کے قتل عام کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔
ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ کمال خرازی پیرس میں ورلڈ پیش فورم کے اجلاس میں شرکت کے لئے فرانس کے دورے پر ہیں۔