Nov ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۱:۰۲ Asia/Tehran
  • ایران کی جانب سے کابل دہشتگردانہ حملے کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کل افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے کی جس میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کا شکار ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ افغانستان اپنے اتحاد و یکجہتی اورمصمم ارادے سے دہشتگردی کی بیخ کنی کریں گے اور اس راہ میں تمام ملکوں اور عالمی برادری کو افغانستان کی حکومت کے ساتھ تعاون کرنی چاہئیے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کابل میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی حکومت اور قوم افغانستان میں امن و امان کی بحالی تک افغان حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کے مطابق دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور20  زخمی ہوئے۔ یہ دھماکہ شیعہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے علاقوں میں طالبان کے حالیہ حملوں کے خلاف کئے جانے والے مظاہرے میں کیا گیا۔ دہشتگرد گروہ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی۔