Nov ۱۳, ۲۰۱۸ ۲۰:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران پاکستان ریلوے کو آپریشنل کرنے پر تاکید

پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے نے اسلام آباد تہران اور استنبول ریلوے لائن کو آپریشنل کرنے پر زور دیا ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے اس بات پر تاکید کی ہے کہ علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لئے اسلام آباد، تہران اور استنبول ریلوے لائن کو جسے ای سی او ریلوے ٹریک کا نام دیا گیا ہے، آپریشنل کیا جائے-

ایرانی سفیر نے اس ملاقات میں ریلوے پروجیکٹوں میں شراکت کے لئے ایرانی کمپنیوں کی توانائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تہران تمام میدانوں منجملہ ریلوے کے میدان میں اسلام آباد کے ساتھ ہمہ جانبہ تعاون کے لئے تیار ہے-

پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی کوئٹہ تفتان ریلوے لائن کی تقویت کو ایران کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لئے ضروری قرار دیا-

واضح رہے کہ ای سی او ٹرین جو پاکستان، ایران ترکی کے درمیان چلتی تھی، ان ملکوں کے درمیان تعلقات میں توسیع کا ایک بہترین ذریعہ تھی لیکن پچھلے چند برسوں سے یہ ٹرین رکی ہوئی ہے-

اس ٹرین کی آمد و رفت میں تعطل کی وجہ پاکستان کے اندر ریلوے ٹریک کی فرسودگی بتائی گئی ہے۔

 

ٹیگس