Nov ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • ایران مخالف پابندیاں یورپ کی خود مختاری پر حملہ ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے سینیئر ایٹمی مذاکرات کار اور نائب وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں نے ایران کی معیشت کو نقصان پہنچانے سے زیادہ یورپ کی خود مختاری سلامتی اور وقار کو نشانہ بنا رکھا ہے۔

ایران کے نائب وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے جمعےکو اسپین کے دارالحکومت میڈریڈ میں ایک پریس کانفرنس میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایران مخالف امریکی پابندیاں غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے منافی ہیں اس امید کا اظہار کیا کہ یورپ موجودہ صورتحال پر قابو پالےگا۔

انہوں نے ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ  آئی اے ای اے  نے اب تک تیرہ رپورٹوں میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر پوری طرح سے عمل کیا ہے ان کا کہنا تھا پھر بھی امریکا نے بلاسبب اس معاہدے سے نکلنے کا اعلان کیا اور ٹرمپ کے اس فیصلے کی وجہ سے اب مستقبل میں کوئی بھی ملک مذاکرات، سفارتکاری  اور حتی  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ضمانت اور توثیق پر بھروسہ نہیں کرے گا۔

ایرانی نائب وزیرخارجہ نے اس پریس کانفرنس میں ایران اور اسپین کے تعلقات کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بعد ایران اور اسپین کے تعلقات نئے مرحلے میں داخل ہوئے ہیں اور اسپین کی تین ہزار سے زائد کمپنیاں ایران کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔