Nov ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۸:۲۸ Asia/Tehran
  • ایران کی دفاعی توانائی کا ایک اور نمونہ

ایران کے وزیر دفاع جنرل امیر حاتمی کی موجودگی میں ایرانی ساختہ ایک ایسی بکتر بند گاڑی کی رونمائی کی گئی ہے جس پر بارودی سرنگوں کے دھماکے کا کوئی اثر نہیں ہو گا۔

یہ بکتر بند گاڑی جنگی علاقوں میں استعمال کے لئے تیار کی گئی ہے جو تیز رفتار چلنے کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ نشیب و فراز والے راستوں اور رکاوٹوں کو عبور کرنے کی بھرپور توانائی رکھتی ہے۔

ایران کے وزیر دفاع نے اس بکتر بند گاڑی کی تقریب رونمائی میں کہا کہ وزارت دفاع، مقامی ٹیکنالوجی و توانائی کی بنیاد پر مسلح افواج کے زیراستعمال وسائل و آلات تیار کئے جانے پر توجہ کو خاص اہمیت دیتی ہے۔

انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایرن کی مسلح افواج کی ہمہ جہتی دفاعی توانائی و آمادگی اب اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔

ایران کے وزیر دفاع  جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ طوفان نامی یہ بکتر بند گاڑی بارودی سرنگ والے علاقوں میں بھی چلنے اور دھماکہ خیز مواد اور کئی کلوگرام ٹی این ٹی نیز فولادی گولیوں کا سامنا کرنے کی بھرپور توانائی رکھتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ گاڑی اس طرح سے تیار کی گئی ہے کہ جو پچاس سینٹی میٹر اونچائی کی رکاوٹ اور اسی طرح ڈیڑھ میٹر گہرے پانی کے گڈھے یا تالاب کو بھی عبور کر سکتی ہے۔

ایران کے وزیر دفاع  جنرل امیر حاتمی نے یہ بھی کہا کہ طوفان نامی یہ یکتربند گاڑی دس افراد کے سوار ہونے کی گنجائش کے ساتھ سو کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے اور ٹائروں کے پنچر ہوجانے کی صورت میں پچاس کلو میٹر تک کا راستہ طے کرنے کی صلاحیت کی مالک ہے۔

دریں اثنا ایران کے وزیر دفاع نے ایران کی صورت حال کو پابندیوں سے قبل کی صورت حال سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم پابندیوں کا یہ مرحلہ بھی ماضی سے زیادہ بہتر طریقے سے تیزی کے ساتھ عبور کر لے گی۔

انھوں نے منگل کو تہران مین اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی صورت حال پابندیوں سے قبل کی صورت حال سے کہیں زیادہ بہتر ہے، کہا کہ امریکہ دنیا کے مختلف ملکوں کو ایران کے خلاف متحد کرنا چاہتا تھا مگر وہ اپنے مقصد میں ناکام ہو گیا۔

ایران کے وزیر دفاع جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ امریکہ عالمی سطح پر تنہا پڑ گیا ہے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر جس طرح سے امریکی صدر ٹرمپ نے سلامتی کونسل میں ایران کی مذمت کرنے کی کوشش کی دنیا نے یہ بھی دیکھ لیا کہ کس طرح سے خود ٹرمپ کا مذاق بنا۔

انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے ملکی دانشوروں اور مقامی توانائی کی بنیاد پر ترقی و پیشرفت کی منازل طے کر رہا ہے۔

ٹیگس