Nov ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۴:۲۸ Asia/Tehran
  • عالمی عدالت انصاف میں امریکہ کے خلاف کیس کی پیروی جاری رہے گی

عالمی عدالت انصاف سے حتمی فیصلہ آنے تک ایران امریکہ کے خلاف کیس کی پیروی جاری رکھے گا۔

 یہ بات ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے جمعرات کو ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ امریکہ کے خلاف ایران کے دائر کردہ کیس کا عبوری فیصلہ پہلے ہی ایران کے حق میں آچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف اپنی بین الاقوامی حیثیت کے تحت ایران کو دوائیں، غذائی اشیا اور مسافر بردار طیاروں کے پرزے فراہم کرنے والی کمپنیوں کو امریکی پابندیوں سے بچا سکتی ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے عبوری فیصلے کے مطابق امریکہ سے کہا گیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف ایسی تمام پابندیاں ختم کرے کہ جن سے براہ راست انسانی زندگی متاثر ہوتی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ امریکہ، جس طرح سے ایٹمی معاہدے اور پیرس معاہدے سے نکلا ہے اسی طرح وہ انیس سو پچپن کے ایران امریکہ دوستی معاہدے سے بھی الگ ہونا چاہتا ہے لیکن عالمی عدالت انصاف نے امریکہ کے اقدام کو اس معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
 ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران امریکہ دوستی معاہدے کی شرائط کے تحت امریکہ کے نکل جانے کے ایک سال بعد تک یہ معاہدہ قابل اعتبار رہے گا۔

ٹیگس