Dec ۰۴, ۲۰۱۸ ۱۰:۲۳ Asia/Tehran
  • ایران کیلئے یورپی مالیاتی میکنزم کا جلد اعلان کیا جائے گا: عراقچی

نائب ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور یورپ خاص مقصد کے لئے بنائے جانے والے نظام (SPV) پر قریبی رابطے میں ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اس خصوصی مالیاتی میکنزم کا جلد اعلان کردیا جائے گا.

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ کے معاون خصوصی برائے سیاسی امورسید عباس عراقچی نے دورہ پاکستان کے اختتام پر ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم یورپ کے خصوصی مالیاتی میکنزم ایس وی پی سے متعلق یورپی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں.عراقچی نے کہا کہ ایران جوہری معاہدے سے امریکہ کی غیرقانونی علیحدگی کے بعد یورپ نے ایران کے ساتھ مالیاتی شعبے میں لین دین کو برقرار رکھنے کے لئے ایک خصوصی میکنزم کو متعارف کرایا جس کا اصل مقصد امریکی پابندیوں کو بے اثر کرنا ہے تا کہ ایران اور مختلف ممالک کے درمیان رقوم کے لین دین بہ آسانی ممکن ہو.

اس موقع پر انہوں نے ایران پاکستان سیاسی مشاورت کے نئے دور پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دورہ اسلام آباد کے موقع پر وزیر خارجہ اور سیکریٹری خارجہ کے ساتھ تعمیری گفتگو ہوئی. دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کے علاوہ تازہ ترین علاقائی صورتحال، مختلف عالمی امور بالخصوص ایران جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی کے بعد رونما ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یمن کی صورتحال اور وہاں کے انسانی بحران سے متعلق بھی مذاکرات ہوئے.

یہ بات قابل ذکر ہے کہ سید عباس عراقچی نے پاکستان کے دورے کے موقع پر پاکستانی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے بعد خاتون سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے ساتھ ایک مشترکہ اجلاس میں شریک ہوئے جس میں دونوں ممالک سیاسی مذاکرات کے نئے دور میں مختلف موضوعات پر بات چیت ہوئی.اس سے پہلے انہوں نے پاکستانی سینیٹ میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خارجہ تعلقات سینیٹر مشاہد حسین سید کے ساتھ بھی ملاقات کی.

ٹیگس