Dec ۰۶, ۲۰۱۸ ۱۷:۲۲ Asia/Tehran
  • چابہار میں حالات مکمل طور پر پرامن ہیں، ایران کی وزارت داخلہ

ایران کے جنوب مشرقی شہر چابہار میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد سیکورٹی کی صورت حال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔دریں اثنا سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ چابہار کے دہشت گردانہ واقعے کے ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزائیں دی جائیں گی۔

جمعرات کی صبح دس بجے کے قریب ایک خودکش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری کار کو چابہار پولیس اسٹیشن کے گیٹ پر دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی لیکن سیکورٹی گاڑد کی بروقت کارروائی سے دہشت گرد حملہ آور اپنی کار اندر لے جانے میں کامیاب نہ ہو سکا اور پولیس اسٹیشن کے باہر ہی اس نے اسے دھماکے سے اڑا دیا-

اس دہشت گردانہ حملے میں دو افراد شہید اور اٹھائیس دیگر زخمی ہوئے ہیں-ایران کی وزارت داخلہ کے سرحدی امور کے ڈائریکٹر جنرل شہریار حیدری نے کہا ہے کہ اس خودکش دہشت گردانہ حملے کا مقصد پولیس ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنانا تھا لیکن سیکورٹی گاڑد کی بروقت کارروائی سے دہشت گرد حملہ آور اپنی کار اندر لے جانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔انھوں نے کہا کہ یہ دہشت گردانہ حملہ صرف ایک دہشت گرد نے انجام دیا جو خودکش حملے میں ہلاک ہو گیا اور ابھی تک کسی بھی دہشت گرد گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ایران کی وزارت داخلہ کے سرحدی امور کے ڈائریکٹر جنرل شہریار حیدری نے کہا کہ چابہار میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد سیکورٹی کی صورت حال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور حالات معمول کے مطابق ہیں۔

دریں اثنا سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان رمضان شریف نے خبردار کیا ہے کہ چابہار کے دہشت گردانہ واقعے کے ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزائیں دی جائیں گی۔انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اس قسم کے دہشت گردانہ حملوں کا بھرپورجواب دیا جائے گا تاکہ دہشت گردی کے واقعات کے منصوبے سازوں اور ان کی حمایت کرنے والوں کو سبق مل سکے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد گروہ دانستہ طور پر سعودی عرب جیسے اغیار کے سیکورٹی و انٹیلی جینس اداروں کے اشاروں پر چل رہے ہیں اور وہ ایران کے سرحدی علاقوں میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

رمضان شریف نے ایران کے خلاف امریکہ کی دھمکیوں کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب کی تاریخ میں ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کے زیادہ تر فوجی و غیر فوجی نیز پیچیدہ ترین منصوبے اور سازشیں ناکام ہوئی ہیں۔

 

ٹیگس