Dec ۱۱, ۲۰۱۸ ۱۹:۰۹ Asia/Tehran
  •  میزائل پروگرام پر مذاکرات نہیں کریں گے، ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ملک کے میزائل پروگرام کے بارے میں کسی سے مذاکرات نہ توکئے ہیں اور نہ ہی کئے جائیں گے

اپنے ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا تھاکہ وزیر خارجہ کی حیثیت سے میں پوری جرآت کے ساتھ کہتا ہوں کہ میزائل پروگرام کا معاملہ کبھی مذاکرات کا موضوع نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس میں بھی ایران کے میزائل تجربات پر پابندی کی تائید یا توثیق نہیں کی گئی ہے۔ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری دفاعی پالیسی جارحیت پر نہیں بلکہ دفاع پر استوار ہے اور ایران کی شاندار تاریخ ہمارے اس دعوے کا واضح ثبوت ہے۔دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایئر اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادے نے نئے میزائل تجربے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میزائل تجربات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ایران سالانہ چالیس سےپچاس تک میزائل تجربات انجام دیتا ہے۔بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادے نے کہا کہ ایران کے حالیہ میزائل تجربے پر امریکیوں کے ردعمل سے ظاہر ہوتاہے کہ یہ تجربہ ان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے یکم دسمبر کو ٹوئٹر پر دعوی کیا تھا کہ ایران نے حال ہی میں درمیانہ فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جو بیک وقت کئی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔پومپیو کے دعوی کے محض ایک روز کے بعد ایران کی مسلح افواج کے ترجمان اعلی بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا تھا کہ میزائل تجربات اور دفاعی طاقت میں اضافہ جارحیت کو روکنے کے لیے ہے اور ہم یہ کام کرتے رہیں گے۔