Dec ۱۴, ۲۰۱۸ ۰۹:۵۷ Asia/Tehran
  • صیہونی وزیر اعظم کے بیان پر ایران کا سخت رد عمل

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کا جہالت پر مبنی شرمناک اور گستاخانہ بیان ایک بڑے اور طاقتور ملک کے خلاف فوجی دھمکی شمار ہوتا ہے اور یقینی طور پر اس مسئلے کو مختلف عالمی و بین الاقوامی اداروں میں اٹھایا جائے گا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف ناجائز صیہونی حکام کا کوئی بھی خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے غاصب اور ناجائز ظالم صہیونی حکومت کے وزیراعظم نیتن یاہو کے اس بیان پر کہ ایران کے اندر فوجی کارروائی کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

بہرام قاسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ ناجائز صیہونی حکومت جو علاقائی مشکلات اور بحرانوں کی اصل جڑ ہے وہ انتہائی بے شرمی اور مضحکہ خیز انداز میں علاقائی استحکام کے لئے پریشان ہونے کا ڈرامہ کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف قدم اٹھانے کے لئے صہیونیوں جیسے جابر اور فاسد حکمرانوں میں جرات نہیں تاہم ایران جیسے خودمختار اور آزاد ملک کے خلاف ایسی ہرزہ سرائیاں دھمکیوں کے زمرے میں آتی ہیں جنہیں ہم یقینی طور پر عالمی فورم پر اٹھائیں گے۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ خطے کے مسائل و مشکلات اور بحرانوں کی اصل وجہ صہیونیوں کی جارحیت اور ان کا ناجائز قبضہ ہے۔ صیہونیوں نے مشرق وسطی میں غریب قوموں پر متعدد جنگیں مسلط کیں، بے گناہ انسانوں کا قتل عام کیا اور اب ڈرامائی انداز میں خطے کے استحکام کے لئے پریشانی کا اظہار کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی حکمران آج مقبوضہ علاقوں میں اسلامی مزاحمتی فرنٹ اور گروہوں کے سامنے بے بس ہو چکے ہیں اور انھیں اس بات کا بھی اچھی طرح علم ہے کہ وہ ایران کی بڑھتی ہوئی دفاعی اور عسکری طاقت کے پیش نظر ہمیں نہیں ڈرا سکتے بلکہ ہم تمام ممکنہ خطرات کا ایسا دندان شکن جواب دیں گے جس سے دشمن کو پچھتاوا ہو گا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران علاقائی امن و استحکام کی تقویت اور ترقی و پیشرفت نیز رفاہ و آسائش اور سہولیات کی بدولت ایرانی قوم کے خلاف بدخواہوں کا کوئی بھی عزم کبھی پورا نہیں ہونے دے گا۔ ‌   

ٹیگس