Dec ۳۰, ۲۰۱۸ ۲۰:۱۰ Asia/Tehran
  • مالی امور کے لئے مختلف قسم کے آپشن زیرغور، بہرام قاسمی

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایس پی وی سسٹم کے قیام کے لئے یورپ کی جانب سے شرطیں عائد کئے جانے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کوئی ایسا ملک نہیں ہے کہ دیگر ممالک اس کے لئے شرطیں عائد کر سکیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران کے ساتھ یورپی یونین کے مالی سسٹم ایس پی وی کے قیام میں تاخیر پر کہا ہے کہ ایران نے صرف کسی ایک راہ اور سسٹم پر غور نہیں کیا ہے اور مختلف امورانجام دیئے ہیں اور یہ بات خوشی کی ہے کہ صورت حال کافی بہتر بھی ہوئی ہے۔

ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ اس کے باوجود کہ یورپ، مقررہ وقت میں خصوصی سسٹم کے قیام کا اعلان نیز اپنے وعدے پر عمل نہیں کر سکا ہے تاہم وہ بدستور اس راہ میں بڑھتے ہوئے اپنے وعدے و معاہدے پر عمل کرے گا۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے باہر نکلنے کے بعد اس معاہدے میں ایران کو باقی رکھنے کے سلسلے میں دنیا کے بیشتر ملکوں خاص طور سے تین یورپی ملکوں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے اصرار و دلچسپی کے نتیجے میں ایران اور یورپی یونین کے درمیان مالی سسٹم کے قیام پر گفتگو شروع ہوئی۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یورپی ملکوں پر امریکہ کے بڑھتے ہوئے دباؤ کی بنا پر یورپی یونین کی جانب سے اس سسٹم پر عمل درآمد شروع  نہیں ہو سکا ہے اور یہ افسوسناک ہے، امید ظاہر کی کہ یورپی یونین، امریکہ کی جانب سے پڑنے والے شدید دباؤ کے مقابلے میں اپنے یورپی تشخص کا دفاع کرے گی۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا کہ موجودہ صورت حال میں یورپ امریکہ اور اس کی جانب سے پڑنے والے دباؤ کے مقابلے میں کافی ناتواں ہے اور وہ یورپی تشخص اور یورپ کے مالی و اقتصادی اداروں کے دفاع کے لئے ضروری توانائی کا حامل نہیں ہے۔

ٹیگس