Jan ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۷:۲۵ Asia/Tehran
  • امریکی مضحکہ خیز ڈرامے پر ایران کا ردعمل (تفصیلی خبر)

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے وارسا میں اسٹیج کئے گئے امریکا کے نئے ایران مخالف ڈرامے کے جواب میں کہا ہے کہ ایران نے دوسری عالمی جنگ میں جان بـچا کے بھاگنے والے پولینڈ کے باشندوں کی میزبانی کی تھی اور پولینڈ اس احسان کے جواب میں ایران مخالف مضحکہ خیز امریکی ڈرامے کی میزبانی کر رہا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں ایران مخالف اجلاس کے انعقاد پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ امریکہ کی آخری ایران مخالف نمائش میں جن لوگوں نے شرکت کی تھی وہ یا تو مرچکے ہیں یا انھیں ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور یا پھر وہ کنارے لگائے جا چکے ہیں۔

محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران، ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ قوی و طاقتور ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے ایران مخالف اجلاس کی میزبانی کی بابت وارسا پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ پولینڈ کی حکومت اپنی اس شرمندگی کو کبھی دور نہیں کر پائے گی اس لئے کہ ایسی حالت میں کہ دوسری عالمی جنگ میں ایران نے پولینڈ کو نجات دلائی یہ ملک اب ایران مخالف شرمناک امریکی ڈرامے بازی کی میزبانی کر رہا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ٹوئٹ میں ایک تصویر بھی لگائی ہے جس میں امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن، غاصب صیہونی حکومت کے سابق معدوم سربراہ شیمون پریز اور مصر کے سابق ڈکٹیٹر صدر حسنی مبارک کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔

محمد جواد ظریف نے اسی طرح پولینڈ کے پناہ گزینوں کی وہ تاریخی تصویر بھی لگائی ہے جب وہ دوسری عالمی جنگ میں اپنے ملک سے بھاگ کر ایران میں پناہ لینے آئے تھے۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیؤ نے جمعے کے روز امریکہ کی جانب سے تیرہ اور چودہ فروری کو وارسا میں ایران مخالف اجلاس تشکیل دیئے جانے کی خبر دی ہے۔

امریکہ کا یہ اقدام ایرانو فوبیا کے لئے حالیہ مہینوں کے دوران واشنگٹن کی شرمناک کوششوں کا حصہ ہے۔

ٹیگس