Jan ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۹:۲۸ Asia/Tehran
  • مرضیہ ہاشمی کی گرفتاری سے امریکا کا حقیقی چہرہ پھربے نقاب، ڈاکٹرجبلّی

ایران کے سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے کی ورلڈ سروس کے سربراہ ڈاکٹر پیمان جبلی نے کہا ہے کہ امریکا نے پریس ٹی وی کی خاتون اینکر مرضیہ ہاشمی کو گرفتار کر کے اپنا حقیقی چہرہ دنیا والوں کو دکھا دیا۔

ایرانی ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی ورلڈ سروس کے سربراہ ڈاکٹر پیمان جبلی نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکا میں گرفتار کی گئی پریس ٹی وی کی اینکر مرضیہ ہاشمی کے بارے میں کہا ہے کہ مرضیہ ہاشمی کا معاملہ اس وقت ایران اور دیگر ملکوں کے میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے لئے تشویش کا باعث ہے-

انہوں نے مرضیہ ہاشمی کے ساتھ امریکی پولیس کے غیرانسانی رویّے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ ایران اور دیگر ملکوں کے صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کے لئے پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے اس لئے سب کو چاہئے کہ وہ مرضیہ ہاشمی کے ساتھ کھڑے ہوں-

ایران کے سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی ورلڈ سروس کے سربراہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مرضیہ ہاشمی کے مذہبی عقائد اور نظریات آزادی اور انصاف پسندی کی وجہ سے ہیں، کہا کہ مرضیہ ہاشمی کی شان میں توہین دنیا کے سبھی صحافیوں اور رپورٹروں کی توہین ہے-

ڈاکٹر جبلّی نے اس سے پہلے بدھ کی صبح تہران میں متعین اقوام متحدہ کے نمائندہ دفتر کے باہر مرضیہ ہاشمی سے اظہار یکجہتی کے لئے صحافیوں اور نامہ نگاروں کے اجتماع کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو اس بات کا خدشہ لاحق ہے کہ کہیں سعودی صحافی جمال خاشقجی والی صورت حال مرضیہ ہاشمی کے لئے بھی پیش نہ آ جائے-

واضح رہے کہ ایران کے پریس ٹی وی چینل کی امریکی نژاد اینکر، صحافی اور متعدد ڈاکیومینٹری فلمیں بنانے والی سینیئر جرنلسٹ مرضیہ ہاشمی کو دس روز قبل امریکی ایف بی آئی نے سینٹ لوئیس ہوائی اڈے پر اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ اپنے علیل بھائی کی عیادت اور رشتہ داروں سے ملاقات کے لئے امریکا پہنچی تھیں-

ٹیگس