Jan ۲۴, ۲۰۱۹ ۱۰:۳۴ Asia/Tehran
  • ایران کا دنیا میں منشیات کی روک تھام میں پہلا نمبر : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے ایران کے ساتھ انسداد منشیات مہم میں دوطرفہ تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات پکڑنے میں اسلامی جمہوریہ ایران دنیا میں پہلی پوزیشن رکھتا ہے ۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر یوری فیدوتوف نے ایران کے جنرل انسپیکشن آرگنائزیشن کے سربراہ ناصر سراج کے ساتھ ایک ملاقات میں انسداد منشیات کے شعبے میں اقوام متحدہ اور ایران کے درمیان موجودہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے آمادہ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایران ہمارے لئے ایک اہم ملک کی حیثیت رکھتا ہے، دنیا کے ممالک کے مقابلے میں منشیات پکڑنے میں ایران کا پہلا نمبر ہے اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ان سرگرمیوں کی حمایت کے لئے مختلف ذرائع کا استعمال کریں ۔ اس ملاقات میں اعلی ایرانی عہدیدار نے منشیات اور مالی بدعنوانی کی روک تھام سے متعلق اسلامی جمہوریہ ایران کے اہم اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنرل انسپیکشن آرگنائزیشن مالی بدعنوانی کی روک تھام کے لئے موثر قانون اور اقدامات کا استعمال کرتا ہے ۔

ناصر سراج نے کہا کہ منشیات ایک لعنت ہے جس کے خلاف موثر اور شفاف اقدامات ناگزیر ہیں اور اس شعبے میں ایران نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لئے ایران نے جانی اور مالی نقصانات بھی اٹھائے اور اب تک ایران کے 4 ہزار سکیورٹی اہلکار شہید اور 12 ہزار زخمی ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ ناصر سراج بدعنوانی کی روک تھام کے اداروں کی دسویں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لئے ان دنوں ویانا کے دورے پر ہیں ۔

ٹیگس