Feb ۰۱, ۲۰۱۹ ۱۰:۲۹ Asia/Tehran
  • عالمی سطح پرایران کے لئے یورپ کے مالیاتی میکنزم کا خیرمقدم

امریکہ کی مخالفت کے باوجود عالمی سطح پرایران کے لئے یورپ کے مالیاتی میکنزم کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔

 روس نے ایران کے لئے یورپ کے مخصوص مالیاتی میکنزم ''INSTEX'' کے اجرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ روس اس میکنزم کو کامیاب بنانے کے لئے تعاون کرے گا  ۔

ویانا میں قائم عالمی ادارے میں تعینات روسی مندوب میخائل ایوانووچ یولیانوف نے ایران اور یورپ کے مالیاتی لین دین سے متعلق انسٹیکس میکنزم کے نفاذ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک انسٹیکس میکنزم کو کامیاب بنانے کے لئے یورپی ممالک کے ساتھ فعال انداز میں تعاون کرے گا ۔

انہوں نے روسی خبر رساں ادارے ریانوستی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپ امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں کے باوجود ایران میں اپنی کمپنیوں کے مفادات کا تحفظ کرنا چاہتا ہے ۔

روسی مندوب نے مزید کہا کہ انسٹیکس میکنزم کا اجرا ایران جوہری معاہدے کے مخالفین کے لئے دوٹوک پیغام ہے کہ یورپ بالخصوص اس معاہدے کے تین یورپی شریک امریکہ کی جارحانہ پالیسیوں کے مقابلے میں ایران جوہری معاہدے کا دفاع کریں گے ۔

دریں اثناء آسٹرین حکومت نے ایران کے لئے یورپ کے مخصوص مالیاتی نظام کے اعلان کے بعد کہا کہ ہم ایران میں یورپی کمپنیوں کی سرگرمیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ خاتون آسٹرین وزیر خارجہ کرین کنیسل نے رومانیہ میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ایران میں یورپی کمپنیوں کی شراکت داری اور ایران کے ساتھ تجارت میں سہولت کاری کی حمایت کا اعلان کیا ۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ رومانیہ میں یورپی یونین کے وزارتی اجلاس کے بعد جرمنی، برطانیہ اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ایران کے لئے مخصوص مالیاتی نظام کے اجرا کا باضابطہ طور پراعلان کیا ۔

رپورٹ کے مطابق، یورپ کے مخصوص مالیاتی چینل کا مرکزی دفتر پیرس میں ہوگا جسے INSTEX کا نام دیا گیا ہے اور یہ تجارتی تبادلے کے ساز و سامان کا مخفف ہے ۔

تینوں یورپی ممالک انسٹیکس میکنزم کے حصہ دار ہوں گے اور نامور جرمن بینکر اس کی قیادت کریں گے ۔

ٹیگس