Feb ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۴:۲۲ Asia/Tehran
  •  اسلامی انقلاب نے ہمیں ایک نئی راہ دکھائی ہے، سربراہ آئی آر آئی بی

آئی آرآئی بی کے سربراہ اور دیگر عہدیداروں نے اتوارکی صبح اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی(رح) کے مرقد مطہر پر حاضری دی، پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی، تجدید عہد کیا اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے کے سربراہ علی عسکری نے اس موقع پراسلامی انقلاب کو تاریخ ساز انقلاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر میں ایران کے اسلامی انقلاب نے ہمیں ایک نئی راہ دکھائی جس نے انسان کی توجہ خدائے متعال کی جانب مبذول کی۔

عبدالعلی علی عسکری نے کہا کہ اسلامی انقلاب کامیابی کے ساتھ اپنی منازل طے کر رہا ہے اور ہم انقلابی سوچ و فکر کے ساتھ دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عدل و انصاف، آزادی و استقلال، ولایت فقیہ اور اسلامی تعلیمات پر عملدرآمد ایران کے اسلامی انقلاب کی چیدہ چیدہ خصوصیات میں سے ہیں۔ انہوں نےاسلامی انقلاب کی  چالیسویں سالگرہ کے موقع پراس امید کا اظہار کیا کہ سب مل کر ملک کی پیشرفت میں اہم کردار ادا کریں گے۔

درایں اثنا اسلامی تبلیغات کی کوآرڈینیشن کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹر نصر اللہ لطفی نے بتایا ہے کہ تین سو سے زائد غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندے گیارہ فروری کو اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی شاندار عوامی ریلیوں کی کوریج کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے تقریبا چھے ہزار پانچ سو رپورٹر، فوٹوگرافرز اور کیمرہ مین حضرات نے اس عظیم واقعے کی نیوز اور بصری کوریج کے لیے خصوصی اجازت نامے حاصل کیے ہیں۔نصر اللہ لطفی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے دوسو سیاسی، مذہبی، علمی شخصیات اور کھلاڑی بھی اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی خصوصی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کا اسلامی انقلاب گیارہ فروری انیس سو اناسی کو رہبر کبیر انقلاب اسلامی اور اسلامی جمہوریہ کے بانی حضرت امام خمینی رح کی قیادت میں کامیابی سے ہمکنار ہوا تھا۔

تہران سمیت ایران کے سب ہی شہروں اور قریوں کے لوگ کل 11 فروری کواسلامی انقلاب کی 40 ویں سالگرہ کی ریلیوں میں بھر پور طریقے سے شرکت کرکے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) اور قائد انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے تجدید بیعت کریں گے۔اسلامی انقلاب کی انقلاب کی سالگرہ کی ریلیاں ایران کے ایک ہزار سے زائد شہروں اور دس ہزار سے زائد ٹاونز میں بیک وقت نکالی جائیں گی۔

ٹیگس