Feb ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا، وزیر خارجہ جواد ظریف

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ایک بار پھر فلسطینی کاز اور فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔

بیروت میں فلسطینی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ایک ملاقات میں وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف فلسطینی عوام اور ان کی قانونی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے غاصبانہ قبضے اور جارحیت کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی حمایت کرنا ایران کی بنیادی اور مرکزی پالیسی کا حصہ ہے۔ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں اور دیگر ملکوں کے خلاف اسرائیل کے جارحانہ اقدامات خطے کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔اجلاس میں شریک فلسطینی تنظیموں کے نمائندوں نے ایران کے اصولی اور دو ٹوک موقف اور حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عوام اپنے وطن کی مکمل آزادی اور غاصب اسرائیلی فوجیوں کے مکمل انخلا تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف لبنانی حکام کے ساتھ بات چیت کی غرض سے اتوار کے روز بیروت پہنچے تھے۔