Feb ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۶:۰۴ Asia/Tehran
  • ایرانی عوام کا چالیسواں تاریخی جشن، انقلابی امنگوں سے وفاداری کا اعلان

ایران کے کروڑوں مومن اور انقلابی عوام نے اپنے اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں تاریخی ریلیاں نکال کر اسلامی انقلاب کی اقدار امام خمینی کے اصولوں اور رہبرانقلاب اسلامی کے فرمودات اور شہدا کے خون سے بھرپور وفاداری کا اعلان کیا۔

اسلامی انقلاب کی کامیابی کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر پیر کو صبح دس بجے پورے ملک کے ایک ہزار سے زائد شہروں اور دس ہزار قریوں میں بیک وقت ریلیاں نکالی گئیں اور پورا ملک گھنٹوں اللہ اکبر کے نعروں کے ساتھ ساتھ امریکا مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔
اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کی تاریخی ریلیوں اورجشن میں بچے جوان خواتین اور بڑے بوڑھے سبھی نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کرکے چالیسویں سالگرہ کو یاد گار بنادیا اور دشمن قوتوں کے منہ پر زور دار طمانچہ رسید کیا۔
ایران کے مختلف شہروں منجملہ دارالحکومت میں شاندار ریلیوں کو دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ قدرت بھی وجد میں آگئی تھی اور ریلیوں میں شریک مومن اور انقلابی عوام پر باران رحمت کانزول ہورہا تھا تو کہیں برف کی شکل میں ان پر سفید پھول نچھاور کر رہی تھی۔
بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر ایران کے عوام نے ایک بار پھر اپنے اتحاد و یگانگت کا شاندار جلوہ پیش کیا۔
ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان صوبائی صدر مقام سمیت صوبے کے سبھی شہروں میں شیعہ و سنی مسلمانوں نے ایک ساتھ اورشانے سے شانہ ملاکر جشن انقلاب کی ریلیوں میں شرکت کی اور اسلامی انقلاب اور نظام کے تئیں اپنی وفاداری کا اعلان کرتے ہوئے دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں استقامت کے عزم کا اعلان کیا۔
اسی طرح کے مناظر ایران کے صوبہ کردستان اور مغربی آذربائیجان میں بھی دیکھنے کو ملے جبکہ مذہبی اقلیتوں نے بھی جشن انقلاب کی ریلیوں میں بھرپورشرکت کی اور دنیا والوں پر ایرانی قوم کے اتحاد و بھائی چارے کا غیر معمولی مظاہرہ کرکے دشمنوں اور ان سرفہرست امریکا اسرائیل اور علاقے میں ان کی بعض رجعت پسند اتحادی حکومتوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کے تاریخی اور پرشکوہ جشن میں کروڑوں ایرانیوں نے یہ بے مثال شرکت ایک ایسے وقت کی ہے جب امریکی حکام نے کہا تھا کہ ہم ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے اور ایران کے عوام اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ نہیں دیکھ سکیں گے۔
جشن انقلاب کی ملک گیر پرشکوہ ریلیوں کے بعد ریلیوں کے شرکا نے قرارداد جاری کرکے اعلان کیا کہ وہ امریکا کو بدستور طاغوتی طاقت اور دنیا شرانگیزی، تشدد، رذالت، بحران اور جنگ و خونریزی پیدا کرنے کا عینی مصداق سمجھتے ہیں دنیا میں جتنی بھی جنگیں اور خونریزیوں کا سلسلہ جاری ہے کہ سب کا ذمہ دار امریکا ہے۔
جشن انقلاب کی ریلیوں کے شرکا نے اپنی قرارداد میں امام خمینی کے اصولوں سےوفاداری اور رہبرانقلاب اسلامی سے تجدید عہدکرتے ہوئے ایرانی حکام سے کہا کہ وہ امریکا اور بعض دیگر یورپی ملکوں کے ناجا‏ئز اور غیر قانونی مطالبات و تسلط پسندی کا بھرپور جواب دیں۔ ریلیوں کے شرکا نے ایران کی دفاعی اور میزائلی بنیادوں اور پروگراموں کو روز بروز مستحکم بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی و پیشرفت کو ملک کی اہم ضرورت قراردیا اور کہا کہ ایران کے عوام امریکی صدر ٹرمپ کی انسان دشمن ٹیم کی بیہودہ گوئیوں اور غیر قانونی مطالبات کو ہر گز قبول نہیں کریں گے۔
چالیسویں سالگرہ کی ریلیوں کے شرکا نے کہا کہ وہ دہشت گردی اور شرانگیزی کے تکون منحوس بچوں کی قاتل صیہونی حکومت امریکا اور آل سعود کے مقابلے میں دنیا کی ستم رسیدہ اقوام خاص طورپر استقامتی محاذ عراقی شامی، یمنی، بحرینی اور فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔

ٹیگس