Feb ۱۳, ۲۰۱۹ ۱۴:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران کسی لیے خطرہ ہے نہ جنگ کا خواہاں ہے، وزیر خارجہ محمد جواد ظریف

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ تہران کسی سے جنگ نہیں چاہتا لیکن پوری قوت کے ساتھ اپنا دفاع کرے گا۔

ملک کی چالیس سالہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے واضح الفاظ میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کسی بھی ملک کے لیے خطرہ نہیں ہے۔
 انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہوئے ہیں اور ایران کسی کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا لیکن جنگ کی صورت میں پوری قوت سے اپنا دفاع  کرے گا۔
ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایرانی عوام ملکی اقتدار اعلی اور سلامتی کا اہم ستون ہیں لہذا ہمیں اپنی سلامتی کے لیے بیرونی حمایت کی ہرگز ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے تمام تر بیرونی دباؤ کے باوجود اپنی اندرونی توانائیوں سے کام لیتے ہوئے ترقی و پیشرفت کی منزلین طے کی ہیں اور آئندہ بھی دشمن کے دباؤ اور حربوں کو ناکام بنا دے گا۔
ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل  کے چیئرمین ڈاکٹر کمال خرازی نے بھی اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چالیس سال سے جاری امریکی مخاصمت اور دشمنی کے باجود ایران اس خطے اور دنیا کا مستحکم ترین اور خود مختار ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیتا اور نہ ہی کسی کو اپنی خواہشات تہران پر مسلط کرنے کی  اجازت دیتا ہے۔

ٹیگس