Feb ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۴:۱۳ Asia/Tehran
  • دہشت گردوں کا حملہ دشمنوں کی بے بسی کی علامت، صدر ڈاکٹر حسن روحانی (تفصیلی خبر)

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جنوب مشرقی ایران میں خاش- زاہدان روڈ پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اہلکاروں کی حامل بس پر دہشت گردوں کے وحشیانہ حملے کو ایرانی قوم کے دشمنوں اور ان کے آلہ کار پٹھوؤں کی بے بسی کی علامت قرار دیا ہے۔

بدھ کی رات جنوب مشرقی ایران میں خاش-زاہدان روڈ پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایک بس پر جیش ظلم کے تکفیری دہشت گردوں نے خود کش حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ستائیس اہلکار شہید اور تیرہ دیگر زخمی ہو گئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کو ایک پیغام میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ بلاشبہ ایران کے باہمت اور توانائی سے سرشار سیکورٹی اہلکاروں کی کوششوں سے اس قسم کے شرمناک اور بزدلانہ اقدام کے تمام ذمہ دار عناصر اور ان کے حامیوں کو جلد ہی ان کے کئے کی سزا ملے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ دہشت گردانہ جرم، وائٹ ہاؤس میں دہشت گردی کے اصل حامیوں، تل ابیب اور علاقے میں ان کے تمام آلہ کار پٹھوؤں کے سیاہ کارنامے پر کلنگ کا ایک اور دھبہ ہے، جو ایرانو فوبیا کے لئے ہر طرح کا خود ساختہ اور مضحکہ خیز اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف مہم اور مشرق وسطی کے لئے سیکورٹی کا دم بھی بھرتے ہیں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ نظام اسلامی اور قومی بنیادوں کی بلند و بالا امنگوں  کے دفاع میں ایرانی قوم کی ہمدلی و یکجہتی، دشمنوں کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دے گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح کہا کہ مشرق وسطی کے علاقے میں دہشت گردی کی حقیقی جڑ، امریکہ اور صیہونی ازم ہے اور یہ بات نہایت قابل افسوس ہے کہ علاقے کے تیل کے مالامال بعض ممالک کی جانب سے دہشت گردوں کی فنڈنگ ہوتی ہے۔

صدر مملکت حسن روحانی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جاں نثاروں پر دہشت گردوں کے سفاکانہ حملے کو دشمنوں کی انتہائی بے بسی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے بعض ممالک خطے میں امریکہ اورغاصب صہیونی حکومت کی دہشت گردی کی حمایت کر رہے ہیں۔

صدر مملکت نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بس پر ہونے والے خود کش حملے کے شہداء کے اہل خانہ بالخصوص رہبر انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کو تعزیت پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمنوں کی جانب سے ایرانی قوم کے خلاف ایسی شیطانی سازشیں نہ صرف ناکام ہوں گی بلکہ ہمارا عزم مزید مضبوط تر ہوتا جائے گا۔

ڈاکٹرحسن روحانی نے بعض ہمسایہ ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کریں اور دہشتگردوں کو اپنی سرزمین دوسرے پڑوسی ملکوں کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں۔

ایران کے صدر نے اپنے دورہ روس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ روسی اور ترک صدور کے ساتھ چوتھی نشست میں شرکت کے لئے سوچی جا رہے ہیں جہاں وہ آستانہ امن عمل کے تحت شام میں قیام امن اور مذاکرات سے متعلق بات چیت کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ شام کی ارضی سالمیت کا تحفظ ایران کے لئے اہمیت کا حامل ہے اور شام کے تمام علاقوں پر دمشق حکومت کا مکمل کنٹرول ہونا چاہئے۔

ٹیگس